آئی ٹی پارک کا ٹھیکہ لینے والی کمپنی بلیک لسٹ نکلی

کوریا میں کمپنی کی کرپشن کا انکشاف،معاہدہ سابقہ دور میں ہوا،وفاقی وزیرآئی ٹی

کوریا میں کمپنی کی کرپشن کا انکشاف،معاہدہ سابقہ دور میں ہوا،وفاقی وزیرآئی ٹی۔ فوٹو: فائل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا کنٹریکٹ لینے والی کمپنی کوریا میں بلیک لسٹ نکلی۔

اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کا ٹھیکہ لینے والی سنجن انجینئرنگ اینڈ آرکیٹکچر کمپنی کے مالی کرپشن میںملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، کمپنی پرکوریا کے فیئر ٹریڈ کمیشن نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک( ایگزم بنک) کے اکنامک ڈیولمپنٹ کوآپریشن فریم ورک( ای ڈی سی ایف) کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے پابندی لگادی تھی جس کے باعث وفاقی دارالحکومت میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام سست روی کا شکار ہے۔


وریا فیئر ٹریڈ کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق سنجن انجنئیرنگ اینڈ آرکیٹکچر کمپنی کے ارکان پر بھی مالی کرپشن کے باعث جرمانہ عائد کیے جاچکے ہیں، حکام وزارت آئی ٹی نے اس امید کا اظہار کیا تھاکہ اپریل میں چک شہزاد کے قریب آئی ٹی پارک کی تعمیر کے منصوبہ پر کام تیزی سے شروع ہوگا لیکن اپریل گزرنے کا باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلیٰ حکام سنجن انجینئرنگ اینڈ آرکیٹکچر کمپنی سے معاہدہ ختم نہیں کرنا چاہتے، 45ایکڑ پربننے والاآئی ٹی پارک ملک کا پہلا جدید ترین پارک ہوگا جس میں 5 ہزار آئی ٹی ماہرین کے بیٹھنے کی جگہ ہوگی۔
Load Next Story