بھارتی جیل میں جاں بحق پاکستانی کی میت وطن پہنچ گئی

محمد سہیل کی میت 2 روز تاخیر سے کراچی پہنچی، مچھر کالونی میں نمازجنازہ ادا

محمد سہیل کی میت 2 روز تاخیر سے کراچی پہنچی، مچھر کالونی میں نمازجنازہ ادا۔ فوٹو: فائل

بھارتی جیل میں زندگی کی بازی ہارنے والے ماہی گیر محمد سہیل کی میت 2 روز کی تاخیر کے بعد کراچی پہنچ گئی۔

بھارتی جیل میں دوران قید جاں بحق ہونے والے ماہی گیر محمد سہیل کی میت ہفتے کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام نے وصول کی جسے بعدازاں پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے لاہور سے کراچی منتقل کیا گیا ۔ متوفی کی میت ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولنس کے ذریعے اس کی رہائش گاہ ڈاکس مچھر کالونی سونالی چوک لائی گئی جہاں متوفی کے اہلخانہ میت سے لپٹ کر روتے رہے جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا تھی۔


بعدازاں گھر کے قریب واقع گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں متوفی کے اہلخانہ ، رشتے داروں ، اہل محلہ ، دوست احباب اور دیگر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر شرکا کی جانب سے بھارتی حکومت اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ پاکستان زندہ باد کے بھی فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ محمد سہیل کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ شیر شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

 
Load Next Story