اسلام آباد نامعلوم افراد کی 2 مدارس پر فائرنگ سے بچے سمیت 4 افراد جاں بحق

فائرنگ سے مدرسے کے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم افراد آئے اور انہوں نے کھنہ پل کے قریب واقع مدرسے پر فائرنگ شروع کر دی۔ فوٹو: ایکسپریس

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نامعلوم افراد کی جانب سے 2 مدارس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ڈیڑھ سالہ بچے سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے نمائندے قمرالمنور کے مطابق اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے مدرسہ مدینة العلوم پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا، موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم افراد آئے اور انہوں نے کھنہ پل کے قریب واقع مدرسے پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں مدرسے کے قاری عارف، طالبعلم محمد شاکر اور قریب واقع مسجد سے نکلنے والے ایک نمازی جاں بحق ہو گئے، فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ فائرنگ سے مدرسے کے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔


فائرنگ کا دوسرا واقعہ ایف ایٹ 2 میں پیش آیا جب نامعلوم افراد کی جانب سے مدنی مدرسے کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ڈیڑھ سالہ بچہ یاور جاں بحق اور اس کا والد میر واعظ زخمی ہو گیا۔

اہلسنت والجماعت کے رہنما احمد لدھیانوی نے مدرسوں پر فائرنگ کے خلاف اتوار کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story