جولائی 2013ء سونا 1120فیصد زائد درآمد جیولری کی برآمد میں91فیصد کمی

گزشتہ ماہ 13کروڑ 50 لاکھ کا 3249کلوسونا منگوایاگیا.

جولائی میں سونے کی غیرمعمولی درآمدات کے نتیجے میں زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ پڑنے کے باعث روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے حکومت نے ایک ماہ کے لیے سونا باہر سے منگوانے پر پابندی عائد کردی تھی۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

ملک میں گزشتہ ماہ سونے کی درآمدات میں 1119.88 فیصد اضافے کے باوجود سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ میں 91.55 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

یاد رہے کہ جولائی میں سونے کی غیرمعمولی درآمدات کے نتیجے میں زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ پڑنے کے باعث روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے حکومت نے ایک ماہ کے لیے سونا باہر سے منگوانے پر پابندی عائد کردی تھی، یہ تجویز منی ایکسچینجرز نے حکومت کو روپے کی قدر میں بہتری کے لیے دی تھی۔ پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی2013 میں 13کروڑ 49لاکھ19 ہزار ڈالر یعنی 13ارب55کروڑ60لاکھ روپے کا 3249کلوگرام سونا درآمد کیاگیا ۔




جبکہ جولائی 2012 میں صرف 1کروڑ10لاکھ60ہزار یا 1ارب 4 کروڑ40لاکھ روپے کا 199 کلوگرام سونا درآمد کیاگیا تھا، اس سونے کی درآمد کی مالیت میں 1119.88 فیصد جبکہ مقدارمیں 1532.66 فیصد اضافہ ہوا۔ دوسری طرف سونے سے بنے زیورات کی برآمدات میں جولائی 2013 کے دوران سال بہ سال 91.55 فیصد کمی ہوئی، گزشتہ ماہ 1 کروڑ60لاکھ 34ہزار ڈالر یا صرف1 ارب 61 کروڑ10 لاکھ روپے کے طلائی زیورات برآمد کیے گئے ۔

جبکہ جولائی 2012 میں سونے کے زیور کی برآمدات 18کروڑ 97 لاکھ 15ہزار ڈالر یا 17 ارب 90 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔ دیکھا جائے تو سونے کی درآمد کی شکل میں پاکستان سے 13کروڑ 49لاکھ19 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ باہر گیا مگر سونے کے زیورات ایکسپورٹ کرنے سے صرف 1 کروڑ 60لاکھ34ہزار ڈالر کا زرمبادلہ واپس لایا جا سکا، اس طرح اس شعبے میں کم وبیش12کروڑ ڈالر کی منفی تجارت کے باعث پاکستانی روپے پر یقیناً دباؤ پڑا۔
Load Next Story