لگتا ہے نیب بابر غوری کو تحفظ دے رہا ہے جسٹس فائز عیسی

بابر غوری کی عدم گرفتاری، یوسف گیلانی کو ملزم نہ بنانے پر نیب سے جواب طلب

بابر غوری کی عدم گرفتاری، یوسف گیلانی کو ملزم نہ بنانے پر نیب سے جواب طلب فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے سابق وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کی عدم گرفتاری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو ملزم نہ بنانے پر نیب سے جواب طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ میں وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کے 940 ملازمین کی خلاف ضابطہ مستقلی کے کیس کی سماعت ہوئی تو سابق وفاقی وزیر بابرغوری کی عدم گرفتاری پر سپریم کورٹ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کی ہدایت پر ملازمین کو مستقل کیا گیا۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ تو پھر سابق وزیراعظم کو نہ ملزم بنایا نہ شامل تفتیش کیا گیا۔


جسٹس فائز عیسی کے استفسار پر نیب تفتیشی افسر نے بتایا کہ ٹریول ہسٹری کے مطابق بابر غوری امریکہ میں ہیں اور مفرور ہیں۔ جسٹس فائز عیسی نے کہا کہ لگتا ہے نیب بابر غوری کو تحفظ دے رہا ہے، کیا ان کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رجوع کیا؟۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ بابر غوری کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے لکھا ہے۔

جسٹس فائز عیسی نے کہا کہ وزیراعظم نے ملازمین کو ریگولر کرنے کیلئے جائزہ لینے کی ہدایت کی، کیا بابر غوری نے وزیر اعظم کے احکامات سے تجاوز کیا؟۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ وزیراعظم نے دبے لفظوں میں احکامات جاری کیے ہونگے۔

سپریم کورٹ نے بابر غوری کی عدم گرفتاری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو ملزم نہ بنانے پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
Load Next Story