بھارتی فوج کی نکیال اور پونچھ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ پاک فوج کا جوان شہیدخاتون زخمی

دو روز قبل بھی بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک کیپٹن اور ایک سپاہی شہید ہو گئے تھے

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ فوٹو: فائل

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اورآج بھی بھارتی فوج نے ایک بار پھر فائربندی کے معاہدے کی خلا ف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیرکے نکیال اور پونچھ سیکٹرز میں شدید فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید اور خاتون زخمی ہو گئیں۔



بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر میں کوٹلی کے نکیال سیکٹر میں شدید فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جا تا ہے،2 روز قبل بھی بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک کیپٹن اور ایک سپاہی شہید ہو گئے تھے جس پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت داخلہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔ اس سے قبل بھی بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔ بھارتی فوج نے پونچھ سیکٹر میں بھی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی تاہم اس میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔


واضح رہے کہ اس سال کے آغاز سے بھارتی فوج 140 بار سے زائد مرتبہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکی ہے۔

Load Next Story