ہاکی قائد ایشیا کپ کے کامیاب آغاز پر خوشی سے سرشار

جاپان پر کامیابی سے حوصلے بلند ہو گئے، ہر میچ میں جیت کیلیے پُر عزم ہیں،عمران

ملائیشیا سمیت ایونٹ کے ہر میچ میں جیت کیلیے پُر عزم ہیں۔ فوٹو فائل

MUMBAI:
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران ایشیا کپ کے کامیاب آغاز پر خوشی سے سرشار ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جاپان پرکامیابی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہو گئے،اتوار کو ملائیشیا سمیت ایونٹ کے ہر میچ میں جیت کیلیے پُر عزم ہیں۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ سے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے فون پر بات چیت میں انھوںنے کہا کہ ہم 24 سال قبل کی تاریخ کو دہرانے کا عزم لے کر یہاں آئے ہیں،ایشیا کپ جیت کر ہی وطن واپس لوٹیں گے، جاپان کے خلاف یکطرفہ مقابلے میں کامیابی خوش آئند اور ہمارے پاس ایشیا کپ میں فتح کے سوا کوئی اور آپشن نہیں ہے۔




ایک سوال پر قومی کپتان نے کہا کہ ملائیشیا کی ٹیم اپنی سرزمین پر ہمیشہ سخت حریف ثابت ہوئی ہے، ہم اتوار کو صبح ہلکی پھلکی ٹریننگ کریں گے، لنچ کے بعد ٹیم مینجمنٹ کی کھلاڑیوں کے ساتھ میٹنگ ہو گی جس میں میزبان سائیڈ کیخلاف حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ محمد عمران نے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ پاکستان کے بعد ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے، یہاں کے کرائوڈ نے ہمیں ہمیشہ سپورٹ کیا، جاپان سے مقابلے کے دوران بھی اسٹیڈیم پاکستان ہاکی ٹیم زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔ محمد عمران نے امید ظاہر کی کہ ملائیشیا کے خلاف میچ میں بھی تماشائیوں کا رویہ مثبت ہوگا اور وہ اچھا کھیلنے والی ٹیم کی تالیاں بجا کر حوصلہ افزائی کریں گے۔
Load Next Story