آصف علی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کوخوش کردیا

دوسرے ون ڈے میں مختصر لاٹھی چارج کے بعد ورلڈ کپ کیلیے کیس بھی مضبوط کرلیا

کیشو مہاراج نے 3 اور مرچنٹ ڈی لینگے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ سے دوسرا ون ڈے میں ان کے مختصر لاٹھی چارج نے ہی کوچ مکی آرتھر کو خوش کردیا، وہ کہتے ہیں کہ آصف میں وہ خصوصیت موجود ہے جس کی ہماری بیٹنگ لائن میں کمی ہے، انھوں نے اپنے امکانات کو مضبوط کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے پاکستانی اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر محمد عامر اور بیٹسمین آصف علی ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں تاہم ان کے پاس انگلش ٹیم کے خلاف بہتر کارکردگی پیش کرکے اپنا کیس مضبوط کرنے کا موقع موجود ہے، عامر کو پہلے ون ڈے کی الیون میں شامل کیا گیا تاہم بارش کی وجہ سے انھیں بولنگ کا موقع ہی نہیں مل سکا جبکہ دوسرے میچ میں وائرل انفیکشن کی وجہ سے انھیں میدان میں نہیں اتارا گیا، اسی مقابلے میں آصف علی نے صرف 36 بالز پر 51 رنز اسکور کرکے میگا ایونٹ کے حوالے اپنا کیس مضبوط کیا ہے۔


اگرچہ اب تک ان کے مختصر ایک روزہ کیریئر کے اعدادوشمار متاثر کن نہیں ہیں، انھوں نے 31 کی اوسط سے رنز اسکور کیے جن میں سے ہفتے کے روز بنائے جانے والے 51 رنز ان کا اب تک کھیلی گئی 9 اننگز کا سب سے بڑا اسکور ہے، ان میں سے بھی 4 میچز انھوں نے زمبابیو اور افغانستان کے خلاف کھیلے ہیں تاہم جو چیز انھیں دوسروں سے ممتاز کرتی ہے وہ ان کا اسٹرائیک ریٹ ہے جوکہ 132.80 ہے، یہ ایک ایسی خصوصیت ہے جوکہ موجودہ پاکستانی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن میں کسی کے پاس نہیں ہے، انھوں نے اس مختصر کیریئر میں چوکوں سے زیادہ چھکے جڑے ہیں۔

ان کی دوسرے ون ڈے کی مختصر ہارڈ ہٹنگ نے کوچ مکی آرتھر کو بھی خوش کردیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ فخر کی بہترین اننگز کے بعد آصف نے بھی اچھی بیٹنگ مگر افسوس کہ وہ ٹیم کو فنش نہیں کرواپائے، وہ کافی متاثر کن رہے ہیں، یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے کہ ہمیں اپنی بیٹنگ لائن میں جس چیز کی کمی کا سامنا ہے وہ پاور ہٹنگ ہے اور آصف ہمارے لیے ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انھوں نے اس اننگز سے اپنے امکانات میں اضافہ کیا ہے۔
Load Next Story