آصف زرداری نیب کی 5 انکوائریز اور 3 انوسٹی گیشنز میں ملوث قرار

نیب نے آصف زرداری کے خلاف تمام انکوائریز اور انوسٹی گیشنز کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادی

نیب نے آصف زرداری کے خلاف تمام انکوائریز اور انوسٹی گیشنز کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادی فوٹو:فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاوٴنٹس کے 8 مقدمات میں آصف زرداری کے کردار کا تعین کرتے ہوئے رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادی۔

جعلی بینک اکاوٴنٹس کیس میں نیب نے آصف علی زرداری کے خلاف تمام انکوائریز اور انوسٹی گیشنز کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادی جس کے مطابق 8 مقدمات میں آصف زرداری کا کردار کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے رپورٹ جمع کرائی اور آصف علی زرداری کے وکلا کو بھی اس کی کاپی بھجوا دی گئی۔

نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ جعلی بینک اکاوٴنٹس سے متعلق انکوائریز سپریم کورٹ کے حکم پر شروع کی گئیں، نیب کی پانچ انکوائریز اور تین انوسٹی گیشنز میں آصف علی زرداری کا کردار سامنے آیا ہے، تاہم ابھی تک صرف ایک کیس پارک لین میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔


نیب کے مطابق پارک لین ،جوائنٹ وینچر، توشہ خانے کی گاڑیاں، غیر قانونی ٹھیکوں اور زرداری گروپ کو 1.22 بلین کی کِک بیکس میں آصف زرداری کا کردار سامنے آیا۔ واضح رہے کہ عدالت نے 29 اپریل کو آصف علی زرداری کی درخواست پر تمام کیسز کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

علاوہ ازیں جوائنٹ وینچر کیس میں زرداری گروپ کے 1.22 ارب روپے کے کِک بیکس کے معاملے میں نیب نے آصف علی زرداری کے ٹیکس کنسلٹنٹ کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے۔

آصف زرداری کے ٹیکس کنسلٹنٹ محمد جاوید نے ضمانت کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا جس پر عدالت نے آصف علی زرداری کے ٹیکس کنسلٹنٹ کی کل تک عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
Load Next Story