ثقلین ویسٹ انڈیز کو اسپن بولنگ کے گُر سکھائیں گے

آئندہ ماہ 3 ہفتوں کیلیے ذمہ داری سونپ دی گئی، بنگلہ دیش سے معاہدہ بھی برقرار

آئندہ ماہ 3 ہفتوں کیلیے ذمہ داری سونپ دی گئی، بنگلہ دیش سے معاہدہ بھی برقرار۔ فوٹو ایکسپریس/ فائل

سابق پاکستانی اسٹار ثقلین مشتاق ویسٹ انڈین بولرز کو اسپن بولنگ کے گُر سکھائیں گے۔

208 ٹیسٹ اور 288 ون ڈے وکٹیں حاصل کرنے والے ثقلین آئندہ ماہ تین ہفتوں کیلیے یہ ذمہ داری سنبھالیں گے، کیریبیئن بورڈ کی جانب سے کوچ اوٹس گبسن نے ان سے رابطہ کیا تھا جس پر پاکستانی اسپنر نے بخوشی رضامندی ظاہر کردی، وہ اس سے قبل کئی مرتبہ پاکستانی بولرز کو بھی اپنے تجربے سے فائدہ پہنچانے کی پیشکش کرچکے لیکن پی سی بی کی جانب سے انھیں ابھی تک ' لفٹ ' نہیں کرائی گئی، ثقلین نئے ویسٹ انڈین بولر سموئل بدری کے ساتھ تجربہ کار سنیل نارائن کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کردار ادا کریں گے۔




یہ کیمپ آئندہ ماہ بارباڈوس میں لگایا جائے گا، خطے کے نئے بولرز کو بھی ثقلین سے اسپن بولنگ کے اسرار و رموز سیکھنے کا موقع ملے گا، وہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے بھی سال میں 100 دن کام کرنے کے معاہدے کے پابند ہیں، اس بابت انھوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز میں مختصر کیمپ کیلیے جانے سے بنگلہ دیش بورڈ سے میرے معاہدے پر کوئی فرق نہیں پڑیگا، میں دوبارہ ڈھاکا جاؤں گا، انھوں نے مزید کہا کہ مجھے ویسٹ انڈین اسپنرز کو اپنے تجربے سے آگاہ کرکے خوشی ہوگی۔

مجھے امید ہے میرے ساتھ کام کرنے سے انھیں کھیل کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا اور وہ اس سے خاطرخواہ فائدہ اٹھاسکیں گے، میں اس نئی ذمہ داری کو اپنے لیے چیلنج خیال کرتا ہوں، انھوں نے کہا کہ میں دنیا کے کئی کرکٹ بورڈز کے ساتھ کام کرچکا، میں ہمیشہ پاکستانی کرکٹرز کی مدد کرنے کیلیے بھی تیار رہتا ہوں، پی سی بی کسی بھی انداز میں میری خدمات سے استفادہ کرسکتا ہے، مجھے عمر اور تجربے سے قطع نظر پاکستانی اسپنرز کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی ہوگی۔
Load Next Story