ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی واپسی کیلئے 2 معاہدوں کی سمری کابینہ کو منظوری کیلئے بھجوا دی گئی

کونسل آف یورپ کنونشن پر دستخط ہونے کے بعد اس پر 3 ماہ کے بعد عمل درآمد ممکن ہوگا۔

پاکستان نےعافیہ صدیقی کو سزا کے بعد امریکا سے قیدیوں کےدوطرفہ تبادلےکےمعاہدے کےلئے کہا لیکن اس نےانکارکردیا،حکام وزارت خارجہ فوٹو: فائل

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کے لئے 2 معاہدوں کی منظوری کے لئے سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں وزارت داخلہ حکام نے بتایا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں سمری پر غور کرے گی، معاہدوں میں کونسل آف یورپ کنونشن اور انٹر امریکن کنوشن شامل ہیں۔ کونسل آف یورپ کنونشن پر دستخط ہونے کے بعد اس پر 3 ماہ کے بعد عمل درآمد ممکن ہوگا جب کہ انٹر امریکن کنونشن پر دستخط کے بعد اس پر عمل درآمد ایک ماہ میں ممکن ہے۔


اجلاس میں وزارت قانون کےحکام نے بتایا کہ سمری میں دونوں کنونشنز کی منظوری کی سفارش کی گئی ہے تاکہ اگر کسی وجہ سے ایک پر عمل نہ ہوسکے تو دوسرے کنونشن کو اپنایا جا سکے، کمیٹی نے 15 دن میں کونسل آف یورپ کے ممبرممالک کے قیدیوں کی تفصیلات وزارت داخلہ سے اور 7 دن میں دونوں کنونشنز کی تفصیلات وزارت خارجہ سےطلب کرلی ہیں، وزارت خارجہ کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان نےعافیہ صدیقی کو سزا کے بعد امریکا سے قیدیوں کےدوطرفہ تبادلےکےمعاہدے کےلئے کہا لیکن اس نےانکارکردیا۔

اس حوالے سے ڈاکٹرفوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ اور خارجہ کی جانب سےاب کچھ پیش رفت ہوتی نظر آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ پر دہشت گردی کا کوئی الزام نہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story