وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات

سشما سوراج کو واضح کیا ہے کہ ہم تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں، شاہ محمودقریشی

بھارتی وزیرخارجہ کو گلا تھا کہ ہم کبھی کبھار کڑوا بولتے ہیں، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو:آئی این پی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بشکیک میں بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے غیر رسمی ملاقات ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے غیر رسمی ملاقات ہوئی، ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے بعد ہوئی۔


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کے حوالے سے بتایا ہے کہ آج شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے بعد بھارتی ہم منصب سشما جی سے بھی ملاقات ہوئی، سشما سوراج کو گلہ تھا کہ ہم کبھی کبھار کڑوا بولتے ہیں اس لئے وہ اپنے ساتھ مٹھائی لے کر آئی ہیں تاکہ ہم میٹھا بولیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے انہیں واضح کیا ہے کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوں، وزیر اعظم عمران خان نے تو پہلی تقریر میں کہا تھا کہ ہندوستان ایک قدم بڑھائے تو ہم دو بڑھائیں گے، ہم تو آج بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

 
Load Next Story