بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کا سامان چوری کرنے والا گروہ گرفتار

این ٹی ڈی سی کو ریونیو اور سامان چوری کی مد میں 750 ملین روپے کا نقصان پہنچا، ترجمان این ٹی ڈی سی

گرفتار ملزمان نے ٹرانسشمیشن لائنوں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کیا، ترجمان ۔ فوٹو:فائل

سندھ میں این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنوں کے میٹریل کی چوری میں ملوث تخریب کاروں کا گروہ گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کی ٹرانسمیشن لائنوں کے میٹریل چوری میں ملوث تخریب کاروں کا گروہ سندھ میں گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس کی کارروائی میں ٹرانسمیشن لائن سے چوری شدہ بھاری مقدار میں سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔


ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق تخریب کاروں نے 500 کے وی دادو، پورٹ قاسم ٹرانسمیشن لائن اور 500 کے وی چائنا پاور حب جنریشن کمپنی، جامشورو ٹرانسمیشن لائن کے 5 ٹاورز کو گرایا، لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کیا اور این ٹی ڈی سی کو ریونیو اور سامان چوری کی مد میں مجموعی طور پر 750 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق پولیس نے گروہ میں شامل 9 افراد کو جامشورو، خانوٹ اورسیہون سے گرفتار کیا اور گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
Load Next Story