پاکستان کیخلاف فاسٹ بولنگ ہماری قوت ہوگی رکسن

تین سے چار پیسرز کے ساتھ حملہ آور ہوں گے ،صرف اسپنرز پر انحصار نہیں ہوگا۔

تین سے چار پیسرز کے ساتھ حملہ آور ہوں گے ،صرف اسپنرز پر انحصار نہیں ہوگا۔ فوٹو فائل

آسٹریلیا کے قائم مقام کوچ اسٹیو رکسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف سیریز میں صرف اسپنرز پر ہی انحصار نہیں کیا جاسکتا، ہم تین سے چار پیسرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ہم اسے ہی اپنی قوت سمجھتے ہیں،آسٹریلیا کے پاس مچل اسٹارک، جیمز پیٹنسن اور مچل جونسن کی صورت بہترین فاسٹ بولرز موجود ہیں، رکسن پاکستان کیخلاف بھی فاسٹ بولنگ اٹیک کو ہی موثر سمجھتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان کے پاس کوالٹی اسپنرز ہیں لیکن ہمارے بیشتر کھلاڑی ایشین کنڈیشنز میں کافی عرصے سے یہاں کے سلوبولرز کا سامنا کررہے ہیں اور ان کی انداز سے بخوبی آگاہ ہیں،


آسٹریلوی کوچ نے مزیدکہا کہ ہم اپنے ٹرمپ کارڈ کو میچ کی صورتحال کے مطابق استعمال کریں گے، افغانستان کیخلاف واحد ون ڈے میں بطور اوپنر کھیلنے والے میتھیو ویڈ کا بیٹنگ آرڈر بھی رکسن کیلیے فکرمندی کا سبب بنا ہوا ہے، شارجہ کی گرمی کے پیش نظر وہ ویڈ کے بیٹنگ آرڈر میں تنزلی کا ارادہ رکھتے ہیں، اپنے زمانے کے وکٹ کیپر بیٹسمین اسٹیو رکسن کا خیال ہے کہ پاکستان کیخلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کی صورت میں میتھیو ویڈ کو بیٹنگ میں نچلے نمبروں پر بھیجاجاسکتا ہے اور انھوں نے مائیک ہسی کے بیٹنگ آرڈر میں ترقی کی تجویز پیش کی ہے،

اگرچہ ویڈ نے افغانستان کیخلاف بطور اوپنر 75 کی اننگز کھیلنے کے بعد وکٹ کے عقب میں تین عمدہ کیچز بھی تھامے ، لیکن درمیانی وقفے میں انھیں اپنی توانائیوں کو مجتمع کرنے کیلیے جتن کرنا پڑے تھے، رکسن نے کہاکہ ویڈ کا بیٹنگ آرڈر سردست ہمارے لیے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے، اگر ان کی تنزلی کی جاتی ہے تو یقینی طور پر ہسی کیلیے یہ بہترین موقع ہوگا، وہ چنئی کیلیے اننگز کا آغاز کرتے رہے ہیں ۔
Load Next Story