پاکستان ہاکی ٹیم آئندہ برس بھارت کا دورہ کرے گی

پی ایچ ایف صدر قاسم ضیا اورآصف باجوہ 15ستمبر کو ہمسایہ ملک جائیں گے۔

پی ایچ ایف صدر قاسم ضیا اورآصف باجوہ 15ستمبر کو ہمسایہ ملک جائیں گے (فوٹو : ایکسپریس)

KARACHI:
کرکٹ کے بعد ہاکی کے کھیل میں بھی پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے قریب آنا شروع ہو گئے، بھارتی ہاکی فیڈریشن نے آئندہ سال گرین شرٹس کو اپنے ملک کا دورہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کے مطابق روایتی حریفوں کے درمیان بحالی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔


یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کے درمیان آخری بار 2006 میں ہوم اینڈ اوے بنیادوں پر سیریز کھیلی گئی، ممبئی میں دہشت گردوں کی طرف سے حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان جہاں سیاسی و تجارتی تعلقات بری طرح خراب ہوئے وہاں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں اور ایف ٹی پی کے تحت2009 میں شیڈول سیریز کے لیے بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے سے روک دیا تھا، چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی انتھک کوششوں کے بعد حال ہی میں بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو دسمبر میں اپنے ملک میں بلایا ہے جس کے بعد بھارتی ٹیم کے بھی پاکستان آنے کا امکان ہے۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت مین محمد آصف باجوہ نے بتایا کہ کہ بھارتی حکام نے پی ایچ ایف حکام کو دورئہ بھارت کی دعوت دی ہے جس کے بعد وہ صدر پی ایچ ایف قاسم ضیا کے ہمراہ 15 ستمبر کو بھارت جائیں گے جہاں سیریز کے معاملات طے کیے جائیں گے ۔آصف باجوہ نے بتایا کہ ہاکی سیریز کی بحالی اور شیڈول کے معاملات دورئہ بھارت کے دوران طے پا جائیں گے جس کے بعد حکومت سے دورے کا این او سی حاصل کیا جائے گا۔سیکریٹری پی ایچ ایف کے مطابق پاک بھارت ہاکی سیریز سالانہ بنیادوں پر کھیلی جائے گی، پہلے مرحلے میں بھارتی ٹیم آئندہ سال مارچ اور اپریل میں پاکستان کا دورہ کریگی جس کے بعد پاکستانی ٹیم بھارت جائے گی ۔
Load Next Story