بھارتی بیٹنگ ’وارم اپ‘ ہونے سے پہلے ہی ڈھیر

نیوزی لینڈ نے 6 وکٹ سے ہرادیا، انگلینڈ کو کینگروز سے شکست،اسمتھ کی سنچری

نیوزی لینڈ نے 6 وکٹ سے ہرادیا، انگلینڈ کو کینگروز سے شکست،اسمتھ کی سنچری۔ فوٹو: رائٹرز

بھارتی بیٹنگ 'وارم اپ' ہونے سے پہلے ہی ڈھیر ہوگئی اور نیوزی لینڈ نے 'فیورٹ' ٹیم کو پریکٹس میچ میں 6 وکٹ سے مات دے دی۔

ماہر بیٹسمینوں سے آراستہ بھارت کی ٹیم 179 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ٹرینٹ بولٹ نے 4 وکٹیں لیں، جواب میں کیویز نے 4 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔ روس ٹیلر نے 71 اور کین ولیمسن نے 67 رنز بنائے۔ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کی خوش فہمی 12 رنز سے ہوا کردی۔

وارم اپ میچ میں ٹرینٹ بولٹ نے اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون کو میدان بدر کیا، اس طرح بھارت کی 10 رنز پر 2 وکٹیں گرگئیں، کپتان ویرات کوہلی کو 18 کے انفرادی اسکور پر میڈیم پیسر کولن ڈی گرینڈ ہوم نے کلین بولڈ کیا، مہندرا سنگھ دھونی جب ساؤدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو مجموعہ 7 وکٹ پر 91 اور ٹیم کے 100 رنز کے اندر آؤٹ ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔


رویندرا جڈیجا نے 54 اور ہردیک پانڈیا نے 30 رنز بناکرکچھ مزاحمت کی، اس کے باوجود پوری بھارتی ٹیم 39.2 اوورز میں 179 رنز پر رخصت ہوگئی۔ بولٹ نے 4 اور نیشام نے 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے تقریباً 13 اوورز قبل ہی ہدف 4 وکٹ پر حاصل کرلیا، روس ٹیلر نے 71 اور کین ولیمسن نے 67 رنز بنائے۔

دوسرے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ کے 116 رنز کی بدولت 9 وکٹ پر 297 رنز بنائے، جواب میں ٹائٹل کیلیے ہاٹ فیورٹ قرار پانے والی انگلینڈ کی ٹیم 285 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جیمزونس 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بہرنڈروف اور رچرڈسن نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

 
Load Next Story