بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے بلوچستان اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھالیا

جب تک بلوچستان کے عوام کے ساحل و وسائل پر حق تسلیم نہیں کیاجاتا، تب تک معاملات حل نہیں ہوں گے،سردار اختر مینگل

جب تک بلوچستان کے عوام کے ساحل و وسائل پر حق تسلیم نہیں کیاجاتا، تب تک معاملات حل نہیں ہوں گے،سردار اختر مینگل. فوٹو ایکسپریس نیوز

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل اور حمل کلمتی نے بلوچستان اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھالیا۔


بلوچستان نیشنل پارٹی کے 2 منتخب ارکان سردار اختر مینگل اور حمل کلمتی سے اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے حلف لیا، اس موقع پر سردار اختر مینگل نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 15 سال کے بعد ہم نے حلف لیا، ماضی کے تلخ تجربات کے بعد آج پھر ایک کڑوا گھونٹ پیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے خوب صورت بلوچستان کو قبرستان میں تبدیل کردیا گیا ہے، بلوچستان میں امن وامان دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ ہے،وزیر اعظم نواز شریف کو ملاقات میں واضح کردیا تھا کہ جب تک امن وامان کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ترقی نہیں ہوسکتی، نواب اکبر بگٹی ،حبیب جالب بلو چ ،نواب نوروز شہید سمیت بلوچستان کے دیگر شہدا کو کبھی نہیں بھولوں گا۔ شہدا کی وجہ سے آج دنیا کے نقشے پربلوچستان کا نام ہے۔

سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ وہ حکومت پر تنقید نہیں کرنا چاہتے مگر انہیں اندازہ ہے کہ مقتدر حلقوں کے مائنڈ سیٹ میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ سیاسی کارکنوں کے اغوا اور ان کے مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ، تمام اراکین اسمبلی کی ذمے داری لگائی جائے کہ وہ اپنےعلاقوں میں لاپتا افراد کا ڈیٹا اکٹھا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقیاتی اسکیموں میں الجھا کر گوادر کے عوام کو اقلیت میں تبدیل نہ کیاجائے، جب تک بلوچستان کے وسائل پر اس کے مقامی باشندوں کا حق تسلیم نہیں کیا جاتا معاملات حل نہیں ہوسکتے، گوادر منصوبے کا معاہدہ اس ایوان میں لایاجائے اور یہاں سے اس کی منظوری لی جائے۔

Recommended Stories

Load Next Story