انڈر 16 فٹبال ایونٹ لاہور میں انعقاد کی کوشش تیز

حکومت پنجاب کی جانب سے مثبت جواب کا انتظار، بصورت دیگر ٹورنامنٹ ملائیشیا منتقل کر دیا جائے گا،لودھی

ٹورنامنٹ کے پاک سرزمین پر انعقاد کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی،لودھی۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے اے ایف سی انڈر 16 فٹبال کوالیفائنگ رائونڈلاہور میں کرانے کیلیے کوشش تیزکر دی۔

آفیشلز کو حکومت پنجاب کی جانب سے مثبت جواب کا انتظار ہے،23 ستمبر سے کراچی میں شیڈول ایونٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے اے ایف سی معائنہ ٹیم کے آنے سے انکار نے معاملات پیچیدہ بنا دیے ہیں۔ فیڈریشن کے سیکریٹری کرنل(ر) احمد یارخان لودھی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے پاک سرزمین پر انعقاد کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی،اس ضمن میں اگلے چند دنوں میں حتمی فیصلہ ہوگا، بصورت دیگر کوالیفائنگ رائونڈ ملائیشیا منتقل ہو جائے گا، دریں اثنا ایونٹ کے لیے قومی انڈر16 فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں جاری ہے، رابطے پر ہیڈ کوچ سجاد محمود نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ شریک 22 کھلاڑی صبح اور شام کے سیشنز میں بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہیں۔




ان کی تکنیک بہتر بنانے کے ساتھ جسمانی فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے،حسن بلوچ اسسٹنٹ کوچ اور نعمان ابراہیم گول کیپنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں، ایک سوال پر سجاد محمود نے کہا کہ قومی جونیئر ٹیم کے دورئہ نیپال سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور میچ ٹمپرامنٹ بھی بڑھ گیا، امید ہے کہ کوالیفائنگ رائونڈ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، ایونٹ میںمیزبان پاکستان، ایران، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، شیڈول کے مطابق گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 25 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلیں گے، 27 تاریخ کو دوسرا مقابلہ ایران سے ہو گا، تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے مقابل سری لنکا کی ٹیم ہوگی، کوالیفائنگ رائونڈ کی ابتدائی 2 ٹیمیں فائنل مرحلے میں شرکت کی حقدار ہوں گی، اس کی میزبانی تھائی لینڈ کو سونپی گئی ہے۔
Load Next Story