کراچی میں پھر پر تشدد واقعات پیپلز پارٹی اور متحدہ کارکنوں سمیت16افراد ہلاک

پی پی کے کارکن اورنگی اورمتحدہ کاسعیدآبادمیں نشانہ بنا،نامعلوم افرادکلری اورلانڈھی میں لاشیں پھینک کرفرار

کراچی کے علاقے کھارادر میں فائرنگ سے ہلاکتوں کے بعد رینجرز اہلکار الرٹ کھڑے ہیں (فوٹو : پی پی آئی / ایکسپریس)

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پیپلزپارٹی کے عہدیدار وکارکن،متحدہ کے کارکن سمیت 16 افراد ہلاک اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کلری کے علاقے مرزا آدم خان روڈ پر نامعلوم افراد نوجوان عمران میمن کی لاش پھینک کر فرار ہوگئے،علاقہ ایس ایچ او کے مطابق مقتول کوسر میں ایک گولی مار کر ہلاک کیا گیا،میمن گوٹھ کے علاقے میں اوطاق پرفائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ، ایس ایچ او رائو خالد نے بتایا کہ مقتول عرض محمد جوکھیو کو شبیر جوکھیو نامی شخص کی اوطاق پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا،

سعیدآباد میں اتوارکو فائرنگ سے زخمی ہونے والامتحدہ قومی موومنٹ کا کارکن رفیق ولد کریم دین دوران علاج چل بسا، لانڈھی کے علاقے زمان آباد سیکٹر 36-B میں ملزمان ایک نوجوان کی لاش پھینک کر فرار ہوگئے ، لانڈھی پولیس کے مطابق ماڈل پارک زمان آباد اصغر ہوٹل کے قریب خالی پلاٹ پر نامعلوم افراد ایک نوجوان کی لاش پھینک کر فرار ہوگئے جسے سر پر اور سینے پر گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ، مقتول برائون رنگ کے شلوار قمیص پہنا ہوا ہے جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے ،

گارڈن کے علاقے میں ملزمان نے فائرنگ کرکے سوزوکی ڈرائیور کو ہلاک کردیا ، ایس ایچ او فتح محمد شیخ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت سلیمان ولد فام خان کے نام سے ہوئی جس کی عمر تقریباً 25 برس ہے ،کھارادر میں واقع باکڑاہوٹل پرفائرنگ سے2 افراد ہلاک اورایک شخص زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق باکڑا ہوٹل پر پیر کی شام موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کی جس سے 2 نوجوان ریحان ولد محمود اور عمر ولد گل خطاب ہلاک جبکہ 50 سالہ محمد حسین زخمی ہوگیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ریحان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جبکہ مقتول عمر کے بارے میں فوری طور پر معلومات حاصل نہیں ہوسکی ہیں،

منظور کالونی میں نامعلوم ملزمان نے چھری کے وار کرکے نوجوان کو ہلاک کردیا ، ایس ایچ او بلوچ کالونی اسحاق لاشاری نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول حسن ولد محمد صدیق کو نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کے وار کرکے ہلاک کیا ہے ،میمن گوٹھ میں فائرنگ سے 22 سالہ زاہد ، 50 سالہ حمزہ ، قائد آباد میں فائرنگ سے قطب الدین اور جمیل الدین جبکہ سعید آباد کے علاقے میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ریما دختر غلام عباس زخمی ہوگئی ۔

اورنگی ٹاؤن نمبر 15 بنگلہ بازار میں گھر کے باہر بیٹھے ہوئے افراد پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی PS-95 کا جنرل سیکریٹری 42 سالہ محمد شاہد بہاری اور کارکن 25 سالہ محمد شاکر شدید زخمی ہوگئے جنھیں نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں دونوں افراد نے دم توڑ دیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری نجمی عالم ، سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل ، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات سلیمان سندھ سمیت دیگر رہنما ، عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی اور واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ،


سلیمان سندھی نے بتایا کہ مقتول شاہد بہاری کو شادی میں شرکت کے لیے (آج) منگل کو بنگلہ دیش جانا تھا اور اس کی صبح کی فلائٹ تھی ، مقتول کی 3 بیٹیاں اور 3 بیٹے ہیںجبکہ مقتول شاکر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کا ملازم تھا اور 1995 میں ان کے والد محمد علی کو بھی اورنگی ٹاؤن میں قتل کیا گیا تھا،وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ایم پی اے قادر پیٹل نے کارکنان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ نے شاہد بہاری اور شاکر کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور آئی جی سندھ فیاض لغاری کو ہدایت کی ہے کہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ، وزیر اعلیٰ نے شہید کارکنوں کے لواحقین سے اس سانحے پر دلی تعزیت ، دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مغفرت کی دعا کی ہے ۔

لائنز ایریا ڈپارٹمنٹل اسٹور کے قریب گلی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیں جناح اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے ، واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی اور خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ نامعلوم افراد کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی، ڈی ایس پی فیروز آباد غلام مرتضیٰ نے بتایاکہ مقتولین کی شناخت 23 سالہ دانش اور 22 فراز کے نام سے ہوئی ہے ، انھوں نے بتایا کہ مقتولین ایک ہی گلی میں رہائش پذیر تھے اور ان کا تعلق کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت سے نہیں تھا ،

جمشید کوارٹرز کے علاقے مارٹن کوارٹرز میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ثاقب نامی شخص شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں نجی اسپتال لے جایا جا رہا تھا وہ راستے میں دم توڑ گیا ، فائرنگ کے وقت ایس ایچ او جمشید کوارٹرز خوشنود جاوید علاقے گشت پر موجود تھے تاہم فائرنگ کی آواز سن کر وہ موقع سے تھانے چلے گئے اور بعدازاں واپس جائے وقوع کا معائنہ کرنے پہنچے جس پر علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا ، ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی فلک ناز مسجد گلی نمبر 2 کے قریب نامعلوم ملزمان نے 20 سالہ نوجوان کو سر پر گولی مار کر ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے ،

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے،کورنگی ڈھائی نمبر کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، ڈی ایس پی کورنگی قاسم غوری نے بتایا کہ مقتول کی شناخت راجہ ذوالفقار عرف پپو کشمیری کے نام سے ہوئی ہے،قصبہ کالونی سے مدینہ مسجد یونین کونسل نمبر 8 میں واقع مکان سے ضعیف العمر شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ،

ایس ایچ او پیر آباد اشفاق بلوچ نے بتایا کہ متوفی گھر کے اندر ہی گرا تھا اور سر پر چوٹ لگنے سے ہلاک ہوا ہے،نیپئر کے علاقے نورانی بس اسٹاپ لی مارکیٹ کے قریب کرائم برانچ کے اے ایس آئی عابد خان اور کانسٹیبل کامران کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا،سعید آباد کے علاقے رشید آباد میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 20سالہ ذیشان اور 22 سالہ ارشاد زخمی ہوگئے۔

Recommended Stories

Load Next Story