بنوں ملک بھر میں سب سے زیادہ پولیو سے متاثرہ ضلع

رواں برس بنوں میں پولیو سے متاثرہ کیسز کی تعداد 6 ہوگئی

بنوں ڈویژن میں پولیو وائرس کی موجودگی بہت خطرناک ہے، محکمہ صحت فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کا ضلع بنوں ملک بھر میں سب سے زیادہ پولیو سے متاثرہ ضلع بن گیا۔

ضلع بنوں سے پولیو سے متاثرہ 18 ماہ کے بچے کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد اب بنوں میں پولیو سے متاثرہ کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

بنوں کی یونین کونسل بائزن خیل کے علاقے خان ٹاؤن کے رہائشی 18 ماہ کے بچے نمونے 20 مئی کو قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بجھوائے گئے تھے جن میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔


محکمہ صحت کےذرائع مطابق متاثرہ بچے کے چچا کا کہنا تھا کہ بچے کو جب شدید بخار میں ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا تو اس وقت بھی اس کی حالت بہتر تھی تاہم بچے کے بخار کی شدت بڑھنے پر اسے مقامی میڈیکل ٹیکنیشن فرید اللہ کے پاس لے جایا گیا جہاں مذکورہ ٹیکنیشن نے بچے کو گلوٹیل مسلز میں 2 انجیکشن 13 مئی کو لگائے اس سے اگلے روز ہی بچے کی دائیں ٹانگ میں کمزوری محسوس کی گئی جس پر اسے چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر امین جان کے پاس لے گئے۔

ڈاکٹر نے بچے میں ایکوٹ فلیسیڈڈ پیراللس (AFP) کی ٹشخیص کی۔ بچے کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ بچے نے روٹین ایمونائزیشن میں کوئی پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پئے تھے جبکہ والدین کے مطابق صرف خصوصی مہم کے دوران 7ڈوزز پولیو ویکسین کی بچے کو دی گئی تھیں۔

اس وقت پورے ملک سے رپورٹ ہوئے والے کیسز میں آدھے کیسز بنوں ڈویژن سے رپورٹ ہوئے ہیں، اب تک بنوں سے 6 کیسز اور شمالی وزیرستان سے 4 پولیو کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں۔ جبکہ ہنگو، باجوڑ ، خیبر اور ڈی آئی خان سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب اور سندھ میں پولیو کے 3،3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے اعلی افسران کے مطابق بنوں ڈویژن میں پولیو وائرس کی موجودگی بہت خطرناک ہے. اب اس سلسلےمیں براہ راست بنوں میں پولیو وائرس کی کی روک تھام کے لئے نئی حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے.
Load Next Story