30 جون تک اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کو بعد میں موقع نہیں ملے گا وزیراعظم

ٹیکس نہ دینے والوں اور بے نامی جائیداد والوں کا تمام ریکارڈ اداروں کے پاس آگیا ہے، عمران خان

اثاثے ڈکلیئر ہو جائیں گے تو کوئی آپ کو تنگ نہیں کرے گا، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جن کی بے نامی جائیدادیں ہیں اور وہ ٹیکس نہیں دیتے ان کو 30 جون تک موقع مل رہا ہے کہ وہ اپنی بے نامی جائیدادیں ظاہر کردیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم نے قوم کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کوئی بھی ملک اپنےعوام کی خدمت نہیں کر سکتا جب تک وہاں کے لوگ ٹیکس نہ دیں، 22 کروڑ پاکستانیوں میں سے صرف ایک فیصد پاکستانی ٹیکس فائلر ہیں، یعنی ایک فیصد پاکستانی 22 کروڑ عوام کا بوجھ اٹھا رہے ہیں جو ناممکن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر لوگ ٹیکس نہ دیں تو حکومت صحیح معنوں میں عوام کی خدمت نہیں کرسکتی، نہ ہی اسپتال بن سکتے ہیں نہ ہی اسکول و دیگر عوامی ادارے بنائے جاسکیں گے۔ اثاثوں کی ڈیکلیریشن کے لئے متعارت کرائی گئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سب سے آسان اسکیم ہے، اس اسکیم کے تحت وہ لوگ جن کی بے نامی جائیدادیں ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے ان کو 30 جون تک موقع مل رہا ہے کہ وہ اپنی بے نامی جائیدادیں ظاہر اور ٹیکس ادا کردیں، 30 جون کے بعد کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔


وزیراعظم نے کہا کہ 30 جون کے بعد آپ کو موقع نہیں ملے گا کیوں کہ اداروں کے پاس تمام ریکارڈ آگیا ہے، اداروں کے پاس جائیدادوں اور دولت سے متعلق معلومات آچکی ہیں اورمزید بھی آرہی ہیں، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے اور اپنے اثاثے ڈیکلیر کرنے والے بے فکر ہوں گے، کوئی آپ کو تنگ نہیں کرسکے گا، آپ لوگ سکون کی نیند سو سکیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب آپ کے اثاثے ظاہر ہوجائیں اور آپ ٹیکس ادا کریں گے تو ملک معاشی بحران سے نکل آئے گا، میں انہیں یقین دلاتا ہوں کے آپ کے ٹیکس کا پیسہ آپ کر خرچ ہو گا، یہ بھی یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے ٹیکس کا پیسہ چوری نہیں ہونے دوں گا۔

 
Load Next Story