مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم نواز شریف کو طالبان سے مذاکرات کیلئے ثالثی کی پیشکش

اعتمادکی فضا کی بحالی کے لئے ایسے مناسب فورم کی ضرورت ہے جو اس معاملے میں سنجیدہ فضا پیدا کر سکے، مولانا فضل الرحمان

حکومت اور طالبان کے درمیان ثالثی کیلئے تیار ہوں، فضل الرحمان۔ فوٹو؛ فائل

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم نواز شریف کو طالبان سے مذاکرات کے لئے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے نمائندے شہریار خان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران کہا کہ طالبان کے درمیان حکومت کے حوالے سے عدم اعتماد پایا جاتا ہے اور اس اعتماد کے فقدان کو کم کرنے کے لئے وہ حکومت اور طالبان کے درمیان ثالثی کرنے کے لئے تیار ہیں۔


مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اعتماد کی فضا کی بحالی کے لئے ایسے مناسب فورم کی ضرورت ہے جو اس معاملے میں سنجیدہ فضا پیدا کر سکے اور اس بات کا بھی فیصلہ کرے کہ طالبان کے کس گروپ سے مذاکرات ہونے چاہیئے، ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات پر حکومت اور دفاعی اداروں کا مؤقف یکساں ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے انتخابات سے قبل اسلام آباد کنونشن سینٹر میں ایک جرگہ بھی منعقد کرایا تھا جس میں تمام پارٹیوں کے نمائندے موجود تھے، اس کنونشن میں طالبان سے مذاکرات کے لئے ایک حکمت عملی وضع کی گئی تھی لیکن گزشتہ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے تھے۔

Recommended Stories

Load Next Story