رتوڈیرو HIV کی اسکریننگ کے دوران بنیادی اصول نظرانداز

مریضوں کو پیشگی شعور اورآگاہی نہ دینے پرعالمی ادارہ صحت کے ماہرین کو تحفظات

مریضوں کو پیشگی شعور اورآگاہی نہ دینے پرعالمی ادارہ صحت کے ماہرین کو تحفظات فوٹو:فائل

رتو ڈیرو میں 38 روز سے جاری ایچ آئی وی اسکریننگ کے تحت اب تک 24ہزار سے زائد افرادکو ایچ آئی وی کے ٹیسٹ کیے گئے۔

ان میں سے 743 افراد و خواتین اور بچے پازٹیو رپورٹ ہوئے ہیں لیکن اسکریننگ کے دوران عالمی ادارہ صحت کی وضح کردہ گائیڈ لائن اور نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کی ایس اوپی (اسٹینڈر آپریٹنگ پروسیجر) کو نظرانداز کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے زرینہ رند جیسے واقعات نے جنم لیا، ایچ آئی وی ایڈز کی اسکریننگ سے قبل پری کونسلنگ کی جاتی ہے جس میں ایچ آئی وی ٹیسٹ کروانے والے کواس بیماری سے متعلق پیشگی معلومات اور شعور بھی فراہم کیاجاتا ہے جس کو بنیادی کونسلنگ بھی کہاجاتا ہے۔


دوران کونسلنگ پازٹیو آنے کی صورت میں نفسیاتی اور خاندانی اثرات سے مریض کیسے نبردآزما ہوگا ،اچانک ایچ آئی وی ٹیسٹ کرانیاور پازٹیو آنے کی صورت میں مریض اس مرض کی تباہ کاریوں سے لاعلم ہوتا ہے اور پیشگی شعور وآگاہی نہ دینے سے مریض متوفیہ زرینہ رند کی موت جیسے ناخوشگوار واقعات جنم لینے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں کیونکہ شہروںکے مقابلے میں دیہی آبادی میں رہنے والوں افراد تعلیم وصحت سے متعلق آگاہی وشعورنہیں رکھتے اس لیے کم لکھے پڑے افراد میں ایچ آئی وی ٹیسٹنگ سے قبل اس بیماری سے متعلق پیشگی شعور اورآگاہی دینا انتہائی لازمی ہوتی ہے جو رتوڈیروایچ آئی وی ٹیسٹنگ سے قبل وہاں کے عوام کو نہیں دی جارہی جس پر عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے بھی اپنے شدیدتحفظات کا اظہار کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے دوران لاڑکانہ میں ایچ آئی وی ٹیسٹنگ سے قبل عوام کوپری کونسلنگ نہ دیے جانے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ، لاڑکانہ میں ایچ آئی وی وبائی صورت اختیار کی جانے پر عالمی ادارہ صحت کے ماہرین بدترین وبا قرار دیا ہے، علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹوکی صوبائی محکمہ صحت کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں جس پر وزیر اعلی سندھ نے فوری طورپر محکمہ کے سیکریٹری کو تبدیل کردیا لیکن اس تمام صورتحال میں سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے منیجر نے ایک ماہ سے زائد جاری صورتحال پر کسی کو اعتماد میں نہیں لیا اور میڈیا کے سامنے بھی اعداد وشمار پیش نہیں کیے اور نہ ہی مستقبل کے بارے میں وائرس سے نمٹنے کیلیے کسی حکمت عملی کا بھی اعلان نہیں کیا جس کی وجہ سے سندھ کے عوام میں ایچ آئی وی وائرس کا شدید خوف پھیل رہا ہے، گزشتہ دنوں زرنیہ رند کے قتل سے پیدا ہونے والی صورتحال سے عوام اور عالمی اداروںکو ہلا کررکھ دیا۔
Load Next Story