مقبوضہ کشمیر میں ایک ہفتے کے دوران بھارتی فوج کے کرنل سمیت 3 اہلکاروں کی خود کشی

2017 سے تاحال قابض بھارتی فوج کے 428 اہلکار خود کشی کرچکے ہیں

بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے درخت سے لٹک کر جب کہ دو نے خود کو گولی مار کر ہلاک کیا۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ایک اور اہلکار نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی اس طرح ایک ہفتے کے دوران اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کے علاقے نگروٹا ایریا میں بھارتی فوج کے 16 ویں دستے میں تعینات 27 سالہ یوگیش سنگھ نے درخت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ خودکشی کی وجوہات تاحال نامعلوم ہیں۔

جموں پولیس نے بھارتی فوج کے اہلکار کی لاش کو درخت سے اتار کر اسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش فوج کے حوالے کردی گئی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔


2 روز قبل بھارتی فوج کے ایک کرنل روہت شرما نے لیہ ضلع میں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی تھی، اسی طرح 26 مئی کو بھی ضلع بارہ مولا میں انجینیئرنگ ریجمنٹ-22 کے سپاہی تیروپتی راؤ نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی اور معمولی جھگڑے پر ساتھی اہلکاروں کو قتل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، 2017 سے تاحال 428 اہلکار خودکشی اور آپس کے جھگڑے میں ہلاک ہوئے۔

 
Load Next Story