سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ایم کیوایم کی درخواست مسترد کردی گئی

ہم دوبارہ درخواست دیں گے اوراس بار تمام ارکان اسپیکر کے سامنے روبرو پیش ہوکر درخواست پر دستخط کریں گے،خواجہ اظہارالحسن

ایم کیو ایم کی جانب سے دوسری درخواست آئی تو قانون کے مطابق اس پر عمل کیا جائے گا، اسپیکر سندھ اسمبلی ۔ فوٹو: فائل

اسپیکر آغا سراج درانی نے ایم کیو ایم کی جانب سے شہر میں امن وامان کی صورتحال پر اجلاس بلانے کے لئے دائر کی گئی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے ایم کیوایم کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے متحدہ کی جانب سے جو درخواست جمع کرائی گئی تھی اس پر ارکان اسمبلی کے دستخط مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے اگرایم کیوایم کی جانب سے دوبارہ درخواست جع کرائی گئی تو پھر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔


دوسری جانب ایم کیوایم کے سندھ اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکرکی جانب سے درخواست مسترد کرنا بہت بڑی زیادتی ہے،اسپیکر کو ایم کیو ایم کے کسی رکن کی دستخط پر اعتراض تھا تو اس رکن سے رابطہ کرکے اسے بلایا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے کراچی میں امن وامان کا مسئلہ بہت اہم ہےاوراس حوالے سے ہم دوبارہ درخواست دیں گے اوراس بار تمام ارکان اسپیکر کے سامنے روبرو پیش ہوکر درخواست پر دستخط کریں گے تاکہ انہیں کسی قسم کا شک وشبہ نہ رہے۔

واضح رہے کہ 4 روز قبل کراچی میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے متحدہ قومی مومنٹ کے 40 اراکین کی جانب سے اسمبلی سیکریٹریٹ میں ایک درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

 

Recommended Stories

Load Next Story