افغان صوبے قندوز میں خودکش حملہ ضلعی گورنر سمیت 8 افراد ہلاک 25 زخمی

خودکش حملہ آور نے نماز جمعہ کے بعد مقامی شخص کی نماز جنازہ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑالیا، حکام

خود کش حملے میں دراصل ضلعی گورنر شیخ صدر الدین کو ہی نشانہ بنایا گیا تھا، مقامی حکام فوٹو: رائٹرز

افغانستان کے صوبے قندوز کی مسجد میں خودکش حملے کے نتیجے میں ضلعی گورنر اور پولیس اہلکار سمیت 8 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے نماز جمعہ کے بعد مقامی قبائلی شخص کی نماز جنازہ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑالیا جس سے ضلعی گورنر شیخ صدرالدین اور پولیس اہلکار سمیت 8 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق حملے میں دراصل شیخ صدرالدین کو ہی نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ حملے کی ذمہ داری اب تک کسی نے قبول نہیں کی ہے۔


دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرلئے جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے طالبان کے حملوں میں شدت آگئی ہے اور گزشتہ بدھ کو بھی مختلف حملوں میں 15 پولیس اہلکار سمیت 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
Load Next Story