خیبرپختونخوا حکومت کے عید منانے کے نامناسب فیصلے سے جگ ہنسائی ہوئی فواد چوہدری

مفتی فواد کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں: وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی

فواد چوہدری نےچاند کی شہادتیں دینے والوں پر مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ کردیا فوٹوفائل

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خیبر پختونخوا میں چاند کی شہادتیں دینے والوں پر مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا فیصلہ نامناسب ہے اس فیصلے سے جگ ہنسائی ہوئی ہے۔

پاکستان میں رواں سال بھی دو عیدوں کا تنازع حل نہ ہوسکا، پشاور میں مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے گزشتہ روز شوال کا چاند نظر آنے اور آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا جس کے بعد خیبرپختونخوا میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔

پشاور سمیت دوسرے شہروں میں آج نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، تاہم وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چاند کی شہادتیں دینے والوں پر مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سب پر جھوٹا مقدمہ بننا چاہئے، چاند کی رویت کے حوالے سے گمراہ کن باتیں پھیلائی جارہی ہیں۔




فواد چوہدری نے کہا خیبرپختونخوا حکومت کا فیصلہ نامناسب ہے، اس فیصلے سے جگ ہنسائی ہوئی ہے، دنیا میں ایسے لگا جیسے جھوٹ کوسرکاری سرپرستی حاصل ہے، حکومت کبھی مسلک اور مقامی لڑائیوں میں نہیں پڑتی، جو جہاں چاہے عید کرے مگر جھوٹ کی بنیاد پر نہیں، گزشتہ روز چاند کا نظرآنا ممکن ہی نہیں تھا، مذہبی تہوار کی بنیاد بھی جھوٹ پر رکھ دی گئی ہے، جہالت کاعلاج حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا۔

دوسری جانب وزیراطلاعات خبیرپختونخوا شوکت یوسف زئی نے فواد چوہدری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مفتی فواد کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے اعلان سے قبل وزیراعظم کو آگاہ کردیا گیاتھا۔

واضح رہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے قمری کیلنڈر جاری کیاگیا تھا جس کے مطابق 5 جون بروز بدھ کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم رواں سال بھی پاکستانیوں کی پورے ملک میں ایک عید منانے کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔
Load Next Story