کراچی پولیس کا نوری آباد میں مقابلہ ایک ڈاکو ہلاک 2فرار

عزیز بھٹی پارک سے سابق فوجی افسر کی کار چھیننے والے 3مسلح افراد کو تعاقب میں آتی پولیس نے سپر ہائی وے پر گھیر لیا

فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جس کی لاش کار میں ہی موجود تھی جبکہ2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فوٹو: فائل

TRIPOLI:
کراچی پولیس کی نوری آباد میں کارروائی، مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک2 فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں 3مسلح افراد نے ریٹائرڈ بریگیڈیئر سید علی ناظم کی کار چھین لی اور کراچی ٹول پلازہ بھی آسانی سے کراس کرتے ہوئے جامشورو ضلع کی حدود میں داخل ہو گئے۔

اطلاع پر کراچی پولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا اور سپر ہائی وے نوری آباد ٹاولز فیکٹری کے قریب پولیس نے کار سواروں کو گھیر لیا جس پر ملزمان نے پولیس پر مبینہ طور پر فائرنگ کردی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جس کی لاش کار میں ہی موجود تھی جبکہ2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔




پولیس کی فائرنگ سے کئی گولیاں کار میں پیوست ہوگئیں۔ نوری آباد کی حدود میں مبینہ مقابلے سے مقامی پولیس بے خبر رہی، بعد ازاں سب انسپکٹر غلام مصطفی کے طلب کرنے پر نوری آباد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ہلاک ہونیوالے شخص کی لاش کو ایل ایم یو حیدرآباد روانہ کر دیا جبکہ نوری آباد تھانے پر سب انسپکٹر غلام مصطفی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
Load Next Story