نشریاتی حقوق پی سی بی کو بنیادی رقم کی پیشکش نہ ملی

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کیخلاف سیریز کیلیے میڈیا رائٹس کی فروخت کا فیصلہ نہ ہوسکا.

کمیٹی نے خواہشمند اداروں کو دوبارہ پیشکش جمع کرنے کیلیے کہا ہے. فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کیخلاف سیریز کیلیے میڈیا رائٹس کی فروخت کا فیصلہ نہ ہوسکا،پی سی بی کو بنیادی رقم کی پیشکش نہ مل سکی۔

کمیٹی نے خواہشمند اداروں کو دوبارہ پیشکش جمع کرنے کیلیے کہا ہے، حتمی فیصلہ ہفتے کو متوقع ہے، معاہدہ کرنے والے براڈ کاسٹرز کیلیے ڈی آر ایس کی تکنیکی سہولیات فراہم کرنا لازمی قرار دیدیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز کے میڈیا رائٹس کی فروخت کیلیے بنائی جانے والی کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کی زیرسربراہی ہوا، دیگر ارکان جسٹس (ر) شبر حسین رضوی، ایڈووکیٹ احمد حسین، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور چیف فنانس آفیسر بدر ایم خان بھی شریک ہوئے،اس موقع پر گورننگ بورڈ کے رکن رفیق بھوگیو بھی بطور مبصر موجود رہے۔




ذرائع کے مطابق نشریاتی حقوق حاصل کرنے کیلیے 4 اداروں نے اپنی پیشکش جمع کرائیں،ان کے نمائندوں کی موجودگی میں ٹینڈرز بھی کھولے گئے تاہم بنیادی قیمت اور دیگر معاملات پر کچھ چیزیں غیر واضح رہ جانے کی وجہ سے کوئی حتمی فیصلہ نہ کیا جاسکا، اجلاس ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے خواہشمند اداروں سے دوبارہ پیشکش جمع کرانے کو کہا گیا ہے جس کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری طرف معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی یو اے ای میں دونوں سیریز کے دوران ڈی آر ایس کا استعمال یقینی بنانا چاہتا ہے، اس لیے نشریاتی حقوق حاصل کرنے والے ادارے کیلیے ٹیکنالوجی فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریویو سسٹم کے انتظامات کرنے والی کمپنی کو 20لاکھ ڈالر پروڈکشن اخراجات کے ساتھ 3لاکھ ڈالر کا اضافی خرچ بھی برداشت کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی یواے ای میں 6ٹیسٹ، 10ون ڈے اور 4 ٹوئنٹی 20میچز سے ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے آمدنی کی توقع رکھتا ہے۔
Load Next Story