جنوبی افریقا کو ورلڈکپ میں مسلسل تیسری شکست بھارت نے میچ جیت لیا

بھارت کی جانب سے روہت شرما نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی

بھارتی بولر یوزویندر چاہل نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا- فوٹو: رائٹرز

ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی۔

کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان ساؤتھمٹن میں ایونٹ کا آٹھواں میچ کھیلا گیا جس میں پروٹیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 228 رنز کا آسان ہدف دیا جو بھارت نے 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

بھارت کی جانب سے شیکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، دھون 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد کپتان ویرات کوہلی بیٹنگ کے لیے آئے مگر وہ بھی 18 رنز ہی بناسکے، لوکیشن راہل نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ایم ایس دھونی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 رنز بنائے۔

ایک سائٹ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسرے اینڈ سے روہت شرما نے وکٹ روکے رکھی اور شاندار سنچری اسکور کی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے جب کہ وہ 122 رنز پر ناقابل شکست رہے۔


اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک نے کیا تاہم صرف 24 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین واپس لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے کپتان فاف ڈپلیسی بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ڈیوڈ ملر 31 اور آنڈیلی فیہلوک وایو نے 34 رنز بنائے تاہم بھارتی بولر یوزویندر چاہل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی جنوبی افریقی کھلاڑی کو زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہنے دیا اور 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اوپننگ اور مڈل آرڈر کی ناکامی کے بعد کرس مورس اور رابادا نے بھارتی بولنگ کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے اسکور آگے بڑہایا، دونوں کے درمیان آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 66 رنز بنے جس کی بدولت جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔

کرس مورس نے 42 اور رابادا نے 31 رنز بنائے جب کہ بھارتی کی جانب سے بھونیشور کمار اور جسپرت بمراہ نے 2 اور یوزویندر چاہل نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
Load Next Story