بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے کو حادثہ گوا ایئرپورٹ عارضی طور پر بند

لڑاکا طیارے MiG-29K کا اضافی فیول ٹینک پھٹ گیا جس کے باعث رن وے پر ہر طرف آئل پھیل گیا

لڑاکا طیارے کا اضافی فیول ٹینک پھٹ گیا جس کے باعث رن وے پر ہر طرف آئل پھیل گیا فوٹو:فائل

QUETTA:
گوا ایئرپورٹ پر بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے 'مگ-29 کے ' کا آئل ٹینکر پھٹ جانے کے باعث طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جس کے باعث ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کے جنگی طیارہ MiG-29K کے آئل ٹینکر سے تیل خارج ہونے لگا جس کی وجہ سے فائٹر جیٹ طیارے کی گوا ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بھارتی فضائیہ کا یہ طیارہ انڈین نیوی کے زیر استعمال تھا۔


ہنگامی لینڈنگ کے دوران رن وے پر تیل بکھر گیا جب کہ طیارے اور رن وے کو معمولی نقصان بھی پہنچا، رن وے کو صاف کرنے اور فائٹر طیارے کو ہٹانے میں 3 گھنٹے لگ گئے۔ حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

بھارتی فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگی طیاروں کے ساتھ لمبی پرواز کے لیے اضافی 'فیول ٹینک' منسلک کردیا جاتا ہے، MiG-29K میں یہی ٹینک پھٹ گیا جس کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ادھر 3 گھنٹے سے زائد ایئرپورٹ بند ہونے کے باعث ہوائی اڈے پر مسافروں کی قطاریں لگ گئیں اور پروازوں کی آمد و رفت کا نظام چوپٹ ہوکر رہ گیا، مسافروں نے شدید پریشانی کے عالم میں ایئرپورٹ انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی۔
Load Next Story