اجناس کی منڈیاں گزشتہ ہفتے شام پرحملے کے خدشات سے متاثر

سونے، چاندی اور خام تیل کی قیمتوںمیں اضافہ، پلاٹینم و پلاڈیم کے نرخ میں کمی.

شام پر ممکنہ امریکی حملے کے خدشات کے باعث سرمایہ کاروں نے اپنے سرمائے کو محفوظ بنانے کے لیے سونے کی خریداری شروع کر دی ہے۔ فوٹو: فائل

QUETTA:
اجناس کی عالمی منڈیاں گزشتہ ہفتے شام پر فوجی حملے کے خدشات سے دوچار رہیں جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتیں 2سال اور سونے کے نرخ کئی سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ شام پر امریکی واتحادیوں کے حملے کے خدشات کے باعث گزشتہ ہفتے کموڈیٹی پرائسز پر توجہ مرکوز رہی، فوری حملے کی قیاس آرائیوں سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا اور سرمایہ کاروں نے اپنے سرمائے کو محفوظ بنانے کے لیے سونے کی خریداری شروع کر دی جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا تاہم فوجی مداخلت کی سیاسی مخالفت کی وجہ سے قیمتیں نیچے آگئیں، اس دوران سرمایہ کار عمومی طور پر حصص مارکیٹس سے غائب ہو گئے، جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اکتوبر میں فراہمی کے لیے قیمت 114.74 ڈالرفی بیرل تک پہنچ گئی۔




جو ایک ہفتے قبل 111.06 ڈالر تھی، نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں لائٹ سوئٹ کروڈ کے نرخ 106.20 ڈالر سے بڑھ کر 108.02 ڈالر فی بیرل ہوگئے، گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1377.50 ڈالر سے بڑھ کر 1394.75ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت 23.06 ڈالر سے بلند ہو کر 23.64 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، لندن پلاٹینم اینڈ پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1538 ڈالر سے گھٹ کر 1527 ڈالر اور پلاڈیم کی قیمت 752 ڈالر سے گھٹ کر 741 ڈالر فی اونس ہو گئی، صنعتی وبنیادی دھاتوں میں سے بیشتر کے نرخ گزشتہ ہفتے کم ہوئے۔

لندن میٹل ایکسچینج میں تانبے کی قیمت 7335 ڈالر سے گھٹ کر 7111.75 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی قیمت 1885 ڈالر سے کم ہو کر 1820 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت 2214 ڈالر سے نیچے آ کر 2162 ڈالر فی ٹن، ٹین کے نرخ 21919 ڈالر سے کم ہو کر 21150 ڈالر فی ٹن، کلئی کی قیمت 14525 ڈالر سے گھٹ کر 13864ڈالر فی ٹن اور جست کی قیمت 1971 ڈالر سے کم ہو کر 1905.25 ڈالر فی ٹن ہوگئی، گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میں ملاجلا رجحان رہا، خام چینی کی قیمت 16.34سینٹ سے بڑھ کر 16.36ڈالر فی پونڈ اور سفید چینی کی قیمت 482.90 ڈالر سے گھٹ کر 474.50 ڈالر فی ٹن ہو گئی۔
Load Next Story