10 لاکھ غربا کو راشن کارڈ غریب طلبا کو ٹیوشن فیس اور وظیفہ دینے کا فیصلہ

لوگوں کوبھکاری نہیں بنانا انھیں اپنے پاؤں پر کھڑا کریںگے،کفایت شعاری میں بھی سماجی تحفظ کا بجٹ دگنا کردیا، ثانیہ نشتر

وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ملازمتوں میں معذور افرادکے لیے2 فیصد کوٹے پر سختی سے عمل کیا جائے، معاون خصوصی۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ کفایت شعار وفاقی بجٹ 20-2019 میں وزیراعظم عمران خان نے سماجی تحفظ کا بجٹ دگنا کردیا ہے جو تاریخی اقدام ہے جب کہ 10 لاکھ غربا کو راشن کارڈ اور غریب طلبا کو ٹیوشن فیس اور وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ کسی بھی ملک میں سماجی تحفظ کی پالیسی ضرور ہوتی ہے، یہ بھکاری بنانا نہیں ہے،ہم غریب مستحق افراد کو ان کے پاؤں پر کھڑا کرنے جارہے ہیں،6 ماہ سے فوکس اس بات پر ہے کہ سسٹم بہتر ہو، جہاں غربت میں کمی آئی ان ملکوں میں بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کیا گیا، پاکستان میں بھی اس کی ضرورت ہے، توانا پروگرام کا اچھا تاثر آیا تھا لیکن کرپشن کی شکایات بھی موصول ہوئیں، یہ ابھی آغاز ہے، پوری کوشش ہوگی کہ کسی بھی اسٹیج پر کرپشن نہ ہو۔


پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جہاں فنڈ کی کمی ہے وہاں بہت سے اداروں نے رضاکارانہ اپنا بجٹ کم کردیا ہے۔ مستحق افراد کو وھیل چیئر اوربینائی سے محروم افرادکو سفید چھڑی انصاف کارڈ کے تحت مفت دی جائے گی جبکہ سماعت سے محروم افراد کو مفت ہیئرنگ ایڈ دیے جائیں گے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایاکہ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ملازمتوں میں معذور افراد کے لیے2 فیصد کوٹے پر سختی سے عمل کیا جائے۔ غریب طلبا کو ٹیوشن فیس، ہاسٹل خرچہ اور وظیفہ دیا جائے گا۔ یتیم خانوں کی حالت بہتر کی جائے گی، حکومت 10 لاکھ غربا کے لیے راشن کارڈ لارہی ہے، تمام منصوبوں کا تیزی سے کام ہورہا ہے۔

 
Load Next Story