مہنگائی کیخلاف 16 جون سے تحریک شروع کریں گے سراج الحق

قوم کو جس تیزی سے مشکلات کی دلدل میں پھنسایا ہے، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، امیر جماعت اسلامی

حکومت فاٹا میں الیکشن سے فرارچاہتی ہے،گفتگو، مرکزی ذمے داران کا اجلاس کل طلب فوٹو:فائل

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کا فلسفہ رہا کہ قرض لو اور 5سال پورے کرو، موجودہ حکومت نے تیزی سے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا لہٰذا ہم 16جون کو لاہور سے مہنگائی، بیروزگاری، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف تحریک شروع کر رہے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے آنے کے بعدقوم کو جس تیزی کے ساتھ مشکلات کی دلدل میں پھنسایا ہے، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انھوں نے کہا ہم 16جون کولاہور سے مہنگائی، بیروزگاری، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف تحریک شروع کر رہے ہیں اورپورے ملک میں یہ سلسلہ جاری رہے گا۔


سراج الحق نے کہا کہ ماضی کی تمام حکومتوں کا ایک ہی فلسفہ تھاکہقرض لے لو، اس کوکھائو اوراپنی حکومت کے پانچ سال کسی طریقہ سے پوراکرو۔اس وقت حکومت کا گراف بہت کمزور ہے اسلئے وہ چاہتی ہیں کہ فاٹا علاقوں میں الیکشن نہ ہو لیکن جماعت اسلامی بروقت الیکشن چاہتی ہے ، نوماہ کے دوران پی ٹی آئی حکومت نے کوئی ایسی حرکت کی یا ایکشن لیکرکوئی ایسا فیصلہ نہیں کیا جو ریاست مدینہ کاتصور پیش کرسکے بلکہ ہردن ہرعمل ریاست مدینہ کیخلاف کررہی ہے۔

علاوہ ازیں نمائندہ ایکسپریس کے مطابق امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پارٹی کے مرکزی ذمہ داران کا خصوصی اجلاس 12 جون کو منصورہ میں طلب کرلیا ۔
Load Next Story