جامعہ کراچی میں اہم عہدوں پر تعیناتی کی دوڑ شروع ہوگئی

حکومتی جماعت میں اثرو رسوخ رکھنے والے اساتذہ نے رجسٹرار اور پرووائس چانسلرکے عہدوں پر تقررکیلیے تگ و دو شروع کردی

جامعہ میں 2 پرو وائس چانسلر کا تجربہ ناکام رہا ہے، ترمیمی بل میں تبدیلی نہ ہوئی تو شیخ الجامعہ کی ٹیم یکسر تبدیل ہوسکتی ہے۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ کی جانب سے صوبے کی سرکاری جامعات کے ترمیمی بل کی توثیق کے بعد جامعہ کراچی میں رجسٹرار اور پرووائس چانسلرکے عہدوں پرتقرریوں کیلیے اساتذہ نے کوششیں شروع کردی ہیں۔

مذکورہ عہدوں پرتقرری کا اختیار حکومت سندھ کو منتقل ہونے کے بعد حکومت اور حکومتی جماعت میں اثرورسوخ رکھنے والے بعض ریٹائر اور حاضر سروس اساتذہ نے جامعہ کراچی میں رجسٹرار اور پرووائس چانسلرکے عہدوں پر تقرری کیلیے تعلقات استعمال کرنا شروع کردیے ہیں، واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں اس وقت کوئی پرووائس چانسلر موجود نہیں یہ عہدہ گزشتہ 2 پرووائس چانسلرز ڈاکٹر ناصرالدین اور ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی کی سبکدوشی کے بعد سے خالی ہے۔

جامعہ میں 2 پرووائس چانسلرزکی تعیناتی کا تجربہ ناکام رہا تھا اور اختیارات کی رسہ کشی کے سبب سابق وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم کاآخری دور بدانتظامیوں کا شکار رہا، جس کے بعد موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصرنے اپنی ٹیم میں پرووائس چانسلر نہ رکھنے کافیصلہ کیا۔




چانسلر سیکریٹریٹ کی جانب سے کئی بارپرووائس چانسلرکی تعیناتی کیلیے سفارشات مانگی گئیں اورچانسلر سیکریٹریٹ کی جانب سے پرووائس چانسلر کی تعیناتی میں دلچسپی لیتے ہی شیخ الجامعہ کے ایڈوائزر ریٹائر پروفیسر ڈاکٹر سہیل برکاتی اور رئیس کلیہ انتظام وانصرام ڈاکٹر ابوذر واجدی اپنی تعیناتیوں کے لیے فعال بھی ہوگئے گورنرہاؤس میں مختلف حلقوں کی جانب سے ان کی سفارشیں بھی پہنچتی رہیں تاہم اختیاررکھنے کے باوجود شیخ الجامعہ نے کسی کے نام نہیں بھیجے اور اسی اثنا میں جامعات کے ترمیمی بل 2013 کی توثیق کردی گئی جس کے ساتھ ہی شیخ الجامعہ سے پرووائس چانسلرکی تقرری کے سلسلے میں ان کی سفارش کرنے اوررجسٹرار کی تقرری کابراہ راست اختیار ہی ان کے پاس سے چلا گیا۔

اس وقت جامعہ کراچی کے رجسٹرار ڈاکٹر منصور ہیں ان کے عہدے کی کوئی مدت مقرر نہیں تاہم ریٹائرمنٹ پر ان کے کنٹریکٹ کی مدت آئندہ برس جنوری میں پوری ہورہی ہے، جامعات کے ترمیمی بل میں کوئی تبدیلی نہ کی گئی تو جامعہ کراچی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں آسکتی ہیں اور شیخ الجامعہ کی ٹیم یکسر تبدیل ہوسکتی ہے۔
Load Next Story