مہاجر آرمی کا شوشہ عوام کو کچلنے کی سازش ہے متحدہ

ایم کیو ایم کی چیف جسٹس پاکستان سے وزارت داخلہ کی غیر ذمے داری کیخلاف تحقیقات کرانے کی اپیل۔

98فیصد غریب و مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد کے خلاف کسی منفی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گے، ایم کیو ایم رہنما فوٹو: فائل

ISLAMABAD /LAHORE:
متحدہ قومی موومنٹ صوبہ سندھ اور پنجاب کے زونل انچارجز اور اراکین نے وزارت داخلہ کی جانب سے ''مہاجر ری پبلکن آرمی '' کے بے بنیاد اور جھوٹے شوشے کو سندھ کے شہری عوام کو ریاستی طاقت کے ذریعے کچلنے کی سازش قرار دیا ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری سے اپیل کی ہے کہ وہ وزارت داخلہ کے ''مہاجر ری پبلکن آرمی '' کے غیر ذمے دارانہ شوشے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں اور اپنے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ملک بھر کے 98فیصد غریب و مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد کے خلاف کسی منفی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گے۔

ان خیالات کااظہار صوبہ سندھ میں نوابشاہ زون، خیر پور، شکار پور، نوشہرو فیروز، قمبر شہداد کوٹ، ٹھٹہ زون اور صوبہ پنجاب میں ایم کیوایم لاہور زون اور ڈیرہ اسماعیل خان کے زونل انچارجز اور اراکین نے پریس کانفرنسوں سے خطاب میں کیا۔




پریس کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے زونل انچارج و اراکین نے کہاکہ ایم کیوایم کے خلاف 19جون 1992کو ریاستی آپریشن شروع کیا گیا، ریاستی آپریشن کے دوران ہزاروں مائوں کی گود اجاڑدی گئی،وزار ت داخلہ کی جانب سے ''مہاجر ری پبلکن آرمی '' کے شوشے سے سندھ کے شہری علاقوں کے عوام میں شدید تحفظات میں مبتلا ہیں اور انھیں اس شوشہ میں وہی سازش نظر آرہی ہے جو ماضی میں ایم کیوایم کے خلاف کی گئی۔
Load Next Story