وفاقی کابینہ کا اجلاس کل کراچی میں ہوگا ٹارگٹڈ آپریشن کا فیصلہ متوقع

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وزریراعلیٰ سندھ کے علاوہ فاروق ستارکوبھی شرکت کی دعوت،قائم علی شاہ تفصیلی بریفنگ دیں گے

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وزریراعلیٰ سندھ کے علاوہ فاروق ستارکوبھی شرکت کی دعوت، قائم علی شاہ تفصیلی بریفنگ دیں گے. فوٹو: فائل

وفاقی کابینہ کاخصوصی اجلاس وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت کل(منگل کو)گورنر ہائوس کراچی میں ہوگا جس میں کراچی کی صورتحال کاجائزہ لیا جائیگا۔

حکومت سندھ نے اجلاس کیلیے امن و امان سے متعلق تفصیلی بریفنگ تیار کرلی ہے جو وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اجلاس میں پیش کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں قیام امن اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیلیے تیار کردہ پلان پیش کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ اداروں کی مشاورت کے بعدکراچی میں قیام امن کیلیے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے2008سے اب تک کراچی میں امن و امان کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ تیار کرلی ہے۔

یہ رپورٹ محکمہ داخلہ ، سندھ پولیس، رینجرز اور انٹلیجنس اداروں کی معاونت سے تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ میں سندھ حکومت کو نفری، جدید اسلحہ سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیاگیا ہے۔پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کی جانب سے کئے گئے ٹارگٹڈ آپریشن اور گرفتار کئے گئے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں اور دیگر جرائم پشہ عناصرکی مکمل تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔ وفاقی کابینہ کے اس خصوصی اجلاس میں وفاقی وزراکے ساتھ ساتھ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، انٹیلی جنس اداروں کے افسر کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماڈاکٹر فاروق ستار کو بھی شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔




دوسری جانب سندھ حکومت نے وزیر اعلیٰ سندھ کی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں معاونت کیلیے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کو بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی اجازت دینے کیلیے وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو ایک تحریری درخواست دے دی ہے۔ اجلاس میں کراچی میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے کابینہ اجلاس سے قبل آج(بروزپیر کو)وزیراعظم آفس میںامن وامان کے حوالے سے ابتدائی مختصرخصوصی اجلاس طلب کرلیاہے، جس میں وفاقی وزیرداخلہ وسیکریٹری داخلہ قانون نافذ کرنے والے سول اداروںکے سربراہان کی موجودگی میں وزیراعظم نوازشریف کی ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں عمومی رپورٹ جبکہ کراچی میںامن وامان کی صورت کے حوالے سے خصوصی رپورٹ پیش کریں گے۔

وزارت داخلہ وزیراعظم کومنگل کوکراچی میںہونے والے کابینہ کے خصوصی اجلاس میں رینجرزکی مددسے آپریشن کرنے کے مختلف امکانات اوراس کے بعد کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے، آل پارٹیزکانفر س سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین کی خواہش کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف سے وزیراعظم کی موجودگی میں عمران خان کی ملاقات کے موضوع پربھی تبادلہ خیال کیاجائیگا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف وزارت داخلہ سے مہاجرلبریشن آرمی کے بارے میں موقف کے بارے میں بھی وضاحت طلب کریںگے۔

Recommended Stories

Load Next Story