مہاجرریپبلکن آرمی کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ظفر کمالی

مجرموں کے بجائے محب وطن شہریوں کیخلاف آپریشن کے بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، ظفر کمالی

مقتدر طبقے نے سندھ کے شہری عوام کی حب الوطنی کو مشکوک بنانے ریاستی مظالم کا نشانہ بنانے کی گھناؤنی منصوبہ بندی کی تھی، ایم پی اے

لاہور:
جناح پور کی طرح مہاجر ریپبلکن آرمی کا شوشہ بھی ملک کے محب وطن عوام کو دیوار سے لگانے کی گھناونی سازش ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

استحصالی طبقہ ملک کو انتشار کی جانب دھکیلنے کے درپے ہے۔ یہ بات حق پرست ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر ظفر احمد کمالی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انھوں نے کہا کہ مقتدر طبقے نے ایک مرتبہ پھر سندھ کے شہری عوام کی حب الوطنی کو مشکوک بنانے اور سندھ کے محب وطن شہری عوام کو ریاستی مظالم کا نشانہ بنانے کی گھناؤنی منصوبہ بندی کی تھی، جس کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر ریپبلکن آرمی کے شوشے کے پیچھے چھپی سازش کو ہر ذی شعور شخص بخوبی سمجھ سکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے صوبہ سندھ سمیت ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کو متحد کرنے کی عملی جدوجہد کی ہے۔




حق پرستی کے فلسفے سے خوفزدہ استحصالی عناصر مہاجر ریپبلکن آرمی کا شوشہ چھوڑ کر ایک مخصوص طبقہ آبادی کو ریاستی مظالم کا نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ ڈاکوؤں، پتھاریداروں، اغوا کاروں اور بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن کرنے کے بجائے آپریشن کا رخ سندھ کے محب وطن شہری عوام اور ایم کیو ایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

جس کے بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے محب وطن عوام اب کسی سازش، پروپیگنڈے اور شوشے کا شکار نہیں ہوں گے اور متحد و منظم رہتے ہوئے ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ملک بھر میں موجود نظریاتی کارکن نفرت اور تعصب کی سیاست کو مسترد کر دیں گے۔ مہاجر ریپبلکن آرمی کے پیچھے کار فرما مذموم سازش پر عمل کرنا ان نازک حالات میں خودکشی کے مترادف ہوگا۔
Load Next Story