دانش کنیریا کیس پی سی بی شواہد پر نظر ثانی کیلیے تیار

راشد لطیف نے متعلقہ مواد حکام کے حوالے کردیا،دوسری ملاقات کااہتمام بھی ممکن

انوبھٹ کے حوالے سے بیان پرقائم ہوں، عہدے کی لالچ میں یہاں نہیں آیا، سابق قائد فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دانش کنیریا کیس کے شواہد پر نظر ثانی کیلیے تیار ہوگیا، سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے متعلقہ مواد حکام کے حوالے کردیا۔

بغور جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر دوسری ملاقات کا اہتمام بھی کیا جائے گا، پی سی بی کی پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ زیر بحث امور کے بارے میں فریقین مزید بات کرنے سے گریز کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں فکسنگ کیخلاف سب سے پہلے علم بغاوت بلند کرنے والے راشد لطیف کا موقف ہے کہ کنیریا کو انگلش کرکٹ بورڈ نے قربانی کا بکرا بنایا، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے یہ کہنے سے بھی گریز نہیں کیا کہ لیگ اسپنر کے اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث بھارتی بکی انو بھٹ 2005-6کی سیریز میں بطور پی سی بی مہمان پاکستان میں موجود رہے تھے۔




اس بیان پر بورڈ نے سخت ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر کو قانونی نوٹس بھجوا کر فضائی ٹکٹوں اور ہوٹل بکنگ جیسے ناقابل تردید ثبوت مانگے،جوابی پریس کانفرنس میں راشد لطیف کا کہنا تھا کہ شواہد منظر عام پر لانے سے ملک کی بدنامی ہوگی تاہم حکام کو پیش کرسکتا ہوں۔ منگل کو سابق کپتان کی پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور قانونی مشیر تفضل حسین رضوی سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملاقات ہوئی، پریس ریلیز میں صرف اتنا بتایا گیاکہ راشد لطیف نے کنیریا کے حوالے سے مواد فراہم کردیا جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مستقبل قریب میں ایک اور ملاقات رکھی جائیگی۔

اس دوران فریقین کوئی تبصرہ نہیں کرینگے۔سابق کپتان نے انو بھٹ کی میزبانی کے حوالے سے کوئی ثبوت فراہم کیے یا نہیں اس بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ دوسری جانب میڈیا سے بات چیت میں راشد لطیف نے کہاکہ مجھے کسی قسم کی کوئی پیشکش نہیں ہوئی، نہ ہی بورڈ میں کسی عہدے کے لالچ میں آیا ہوں، بھارتی بکی انوبھٹ کے بورڈ سے تعلقات کے حوالے سے دیے جانے والے بیان پر اب بھی قائم ہوں۔
Load Next Story