سندھ ہائیکورٹ کا گورنر وزیر اعلیٰ اور بلاول ہاؤس سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم

سیکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند کرکےعوام کو پریشان کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، سندھ ہائیکورٹ

دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تحفظ کیلیے رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، ایس پی ساوتھ فوٹو: فائل

NEW DEHLI:
سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو گورنر، وزیر اعلیٰ اور بلاول ہاؤس سمیت قونصل خانوں اور دیگر اہم مقامات کے اطراف سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا ہے۔


سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم نے کراچی میں غیر ملکی قونصل خانوں اور بلاول ہاؤس کی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی، دوران سماعت ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ بلاول ہاؤس، وزیراعلی ہاؤس، رینجرز ہیڈکوارٹر، کوسٹ گارڈ ہیڈ کوارٹر اور قونصل خانوں پر مختلف کالعدم تنظیموں کی جانب سے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تحفظ کیلیے رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ اگر دہشت گردی کے خطرات ہیں تو ان مقامات پر فول پروف سیکیورٹی دی جائے، سیکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند کرکےعوام کو پریشان کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ بلاول ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس، رینجرز ہیڈ کوارٹر، کوسٹ گارڈ ہیڈکوارٹر اور قونصل خانوں کےاطراف سے رکاوٹیں فوری طور پر ہٹائی جائیں۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں گورنر ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس، بلاول ہاؤس، رینجرز ہیڈ کوارٹر اور قونصل خانوں سمیت دیگر اہم شخصیات کے رہائش گاہوں کے باہر رکاوٹیں کھڑی کی ہوئی ہیں جب کہ بعض اوقات گورنر اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اطراف سڑکوں کو کینٹینرز لگا کر بھی بند کردیا جاتا ہے جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہونے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
Load Next Story