پانی کے ستائے شہریوں کا سخی حسن چورنگی پر احتجاج و دھرنا بد ترین ٹریفک جام

گرمی میں پانی کوترس رہے ہیں، واٹربورڈشکایتی مرکزپرشکایات درج کرانے پرشنوائی نہیں ہوتی،مجبوراًاحتجاج کررہے ہیں، مظاہرین

ٹینکرمافیامنہ مانگی رقم وصول کررہاہے،مہنگائی میں گھرچلائیں یاپانی خریدیں،ٹریفک پولیس نے ٹریفک متبادل راستوں پر موڑدیا فوٹو :فائل

سخی حسن چورنگی پر پانی کے ستائے مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کے باعث سخی حسن چورنگی ٹریفک کے لیے ایک گھنٹے بند رہی اور بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

سخی حسن چورنگی پر علاقہ مکینوں نے پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، واٹر بورڈ کے شکایتی مرکز پر متعدد بار شکایات درج کرائیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی مجبور ہوکر احتجاج کررہے ہیں۔


واٹر ٹینکر مافیا منہ مانگی رقم وصول کرکے پانی فراہم کررہا ہے ہم اس مہنگائی میں اپنا گھر چلائیں یا مہنگے داموں پانی خریدیں، ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے افسران نے اس معاملے پر چپ سادھ لی ہے۔

شہریوں کے احتجاج کے باعث ٹریفک پولیس نے مرکزی روڈ بند کرکے ٹریفک کو متبادل راستوں اور سروس روڈ کی طرف موڑ دیا، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے اعلیٰ پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ 24 گھنٹے کے اندر پانی کی سپلائی بحال ہوجائے گی جس پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
Load Next Story