صدر زرداری نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر سیاسی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ مسترد کر دیا

صدر زرداری نے لطیف کھوسہ کو کہا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کیخلاف عدالت میں فائل کی جانے والی رٹ پیٹیشن کو جلد تیار کریں۔

صدر زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو ہدایت جاری کہ اس بلدیاتی ایکٹ کے خلاف فوری طور پر سپریم کورٹ اور اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے۔ فوٹو: فائل

صدر آصف علی زرداری نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر سیاسی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ مسترد کر تے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔


ایوان صدر اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، رحمان ملک، نذر محمد گوندل، منظور وٹو، مہرین انور راجا، راجا ریاض، جہانگیر بدر، قمر زمان کائرہ، چوہدری مختار اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے منظور کرائے گئے بلدیاتی ایکٹ اور پنجاب کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ صدر زرداری نے کہا کہ وہ صدر کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد پنجاب جائیں گے اور صوبے کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی قیادت کریں گے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب حکومت کے غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے، انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ اس بلدیاتی ایکٹ کے خلاف فوری طور پر اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے اور لطیف کھوسہ کو یہ ذمہ داری سونپی کی کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے عدالت عالیہ میں رٹ پیٹیشن جلد سے جلد دائر کریں۔

Recommended Stories

Load Next Story