حیدر آباد میں ٹرین حادثے کے بعد ملک بھر میں ٹرینوں کا نظام درہم برہم

پٹھان گوٹھ لطیف آباد کے مقام پر دونوں ٹریک کی مکمل بحالی میں مزید وقت لگے گا، ریلوے حکام

پٹھان گوٹھ لطیف آباد کے مقام پر دونوں ٹریک کی مکمل بحالی میں مزید وقت لگے گا، ریلوے حکام

حیدر آباد میں ٹرین حادثے کے بعد ملک بھر میں ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز پٹھان گوٹھ کے قریب کراچی سے پنجاب جانے والی جناح ایکسپریس پہلے سے کھڑی مال گاڑی سے ٹکراگئی تھی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی بھی حیدر آباد پہنچ چکی ہے اور سی ای او ریلوے آفتاب اقبال کی سربراہی میں کمیٹی اراکین جائے حادثے کا دورہ کریں گے

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے 12 گھنٹے بعد متاثرہ ٹریک بحال ہوگیا اور ٹریک بحال ہونے پر ٹرینوں کی آمدورفت بھی شروع ہوگئی ہے، ریلوے کے عملے نے اپ ٹریک سے مسافر ٹرین کے انجن کو ہٹا کر ڈاؤن ٹریک پر منتقل کردیا ہے، انجن ہٹانے میں تاخیر سکھر سے دوسری کرین دیر سے پہنچنے کی وجہ سے ہوئی، متاثرہ انجن کو ریلوے جنکشن حیدرآباد تک پہنچانے کیلئے دوسرا انجن طلب کیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ حیدرآباد میں دو ٹرینیں آپس میں ٹکراگئیں، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی


ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ انجن ڈاؤن ٹریک پر منتقل کئے جانے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت ایک بار پھر معطل ہوگئی، متاثرہ انجن کو ہٹائے جانے کے بعد عملے نے اپ ٹریک کے متاثرہ حصے کی مرمت شروع کردی گئی ہے، پٹھان گوٹھ لطیف آباد کے مقام پر دونوں ٹریک کی مکمل بحالی میں مزید وقت لگے گا۔

دوسری جانب مرمتی کاموں میں تاخیر کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہورہی ہے، ساڑھے 8 گھنٹے کے بعد ملت ایکسپریس کو بھی کراچی سے لاہور کیلئے روانہ کردیا گیا، ڈاؤن ٹریک سے چھ مسافر ٹرینوں کو پنجاب روانہ کیا گیا ہے جب کہ کراچی سے آنیوالی ٹرینیں ریلوے اسٹیشن فیصل آباد نہ پہنچ سکیں، کراچی کی دوطرفہ ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔

 

 

 
Load Next Story