بلدیہ عظمیٰ گریڈ 18 کا افسر گریڈ 19کے 2عہدوں پر تعینات

ڈاکٹر ظفرزیدی کوسینئر ڈائریکٹر ویٹرنری اور سینئر ڈائریکٹر ای اینڈ آئی پی بنادیا گیا

سینئرافسران کی حق تلفیاں کی جارہی ہیں، وزیر بلدیات نوٹس لیں، افسران کا مطالبہ

KARACHI:
بلدیہ عظمیٰ کراچی میں گریڈ 18 کے افسر کو گریڈ 19کے دو عہدوں پر تعینات کردیا گیا ہے۔

جس پر محکمے کے سینئر افسران نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے کھلی زیادتی قرار دیا ہے،باخبر ذرائع نے اس امر کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ میں گریڈ 18کے ایک افسر کو پہلے 19 گریڈ کے عہدے سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری پر تعیناتی کی گئی جبکہ وہاں پر کئی سینئر افسران موجود تھے ، اب جمعرات کو ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ نے ایک حکم نامے کے ذریعے اسی آفیسر کی سینئر ڈائریکٹر ای ایند آئی پی کے عہدے پر تعیناتی کردی ہے جبکہ بلدیہ عظمیٰ میں کئی سینئر افسران کی کہیں بھی پوسٹنگ نہیں ہے۔




اس صورتحال پر محکمے کے افسران حیران ہیں کہ آخر ایک افسر پر اتنی مہربانیاں کیوں کی جارہی ہیں،دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈاکٹر ظفر زیدی کا اصل محکمہ بھی بلدیہ عظمیٰ نہیں ہے وہ فشریز ڈپارٹمنٹ سے آئے ہیں سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت تو ان کو واپس کے ان اصل محکمے میں بھیج دینا چاہیے تھا تاہم ایسا کرنے کے بجائے پر ان پر نوازشات کی بارشیں کی جا رہی ہیں اور ایسا کرنے کے لیے نہ صرف یہ میرٹ کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں بلکہ حقدار افسران کے ساتھ بھی کھلی زیادتی کی جارہی ہے اس صورتحال سے بلدیہ عظمیٰ کے افسران میں مایوسی بڑھتی جارہی ہے۔

افسران کا کہنا ہے کہ اس طرح کے فیصلوں سے ادارے انتظامی طور پر مفلوج ہوجاتے ہیں افسران نے صوبائی وزیر بلدیات اویس مظفر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں کہ جب محکمے میں سینئر افسران موجود ہیں تو پھر ایک جونیئر افسرکو اس طرح کیوں نوازا جارہا ہے ۔
Load Next Story