اب سندھ اور بلوچستان کارڈ نہیں چلے گا شہریار آفریدی

پاکستان میں بالاتر طبقہ ناقابل گرفت ہے، وزیر مملکت سیفران

عمران خان کامیاب ہوں گے اور ملک ترقی کرے گا، شہریار آفریدی فوٹو: فائل

وزیر مملکت سیفران شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اب سندھ اور بلوچستان کارڈ نہیں چلے گا بلکہ سب قانون کے ترازو میں برابر تولے جائیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ مغرب نے مسلمانوں کے اصول اپنا لیے ہیں، اسلامی قوانین اپنا کر مغرب ہم سے آگے نکل گیا، مسلمان سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں پسماندہ رہ گئے، مسلمان پوری دنیا میں زیر عتاب ہیں۔ قیام پاکستان سے پہلے ہماری خیبر پختونخوا میں جائیداد تھی، میرے والد کو خان بہادر کہا جاتا تھا لیکن اب یہ صورت حال ہے کہ گاڑی بھی نہیں خرید سکتا۔


شہریارآفریدی نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد عوام میں عزت نفس بحال کرنا ہے، عوام کہتے ہیں کہ مہنگائی برداشت کر لیں گے لیکن عزت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، 30 سال سے اقتدار میں رہنے والوں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، اشرافیہ پاکستان میں علاج کے بجائے یورپی ملکوں کو ترجیح دیتی ہے، آج بھارت سمیت کئی ممالک ہم پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں، بھارتی وزیراعظم کہتا ہے کہ میں پاکستان کو خرید لوں گا۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں 71 سال تک امیروں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا تھا، پاکستان کو عمران خان کی صورت میں ایماندار لیڈر ملا ہے، وزیراعظم عمران خان کو کرکٹ کے میدان میں بھی اچھے الفاظ سے یاد کیا جاتا ہے، ویوین رچرڈ اور گواسکر سمیت تمام بڑے کرکٹرز عمران خان کی تعریف کرتے ہیں، عمران خان نے احتساب اپنی ذات سے شروع کیا۔ مقدس شخصیات بھی قانون سے بالاتر نہیں تو یہ کیوں ڈر رہے ہیں۔ اب سندھ کارڈ نہیں چلے گا، سب قانون کے ترازو میں تولے جائیں گے۔ نئے پاکستان میں عمران خان سمیت ہر شخص قانون کا پابند ہے، عمران خان کامیاب ہوں گے اور ملک ترقی کرے گا۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بالاتر طبقہ ناقابل گرفت ہے، میراسوال ہے کہ پاکستان کو مقروض کس نے کیا؟ ایوان میں افواج پاکستان کو برا بھلا کہا جاتا ہے، کون اداروں اورفوج کو برا بھلا کہتا ہے؟ یہ سوچنے کی بات ہے، کلبھوشن کی بات آئی تو ایک ایف آئی آر تک نہیں کاٹی گئی، عمران خان نے احتساب اپنی ذات سے شروع کیا، نئے پاکستان میں عمران خان سمیت ہر شخص قانون کا پابند ہے، تمام رہنما عمران خان کی طرح ایک ایک روپے کا حساب دیں، عمران خان کامیاب ہوں گے اور ملک ترقی کرے گا، مقدس شخصیات بھی قانون سے بالاتر نہیں تو یہ کیوں ڈر رہے ہیں۔
Load Next Story