سونے کی بڑھتی قیمت نے ملک میں نئی تاریخ رقم کردی

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 1300روپے بڑھ کر80500 روپے ہوگئی

دس گرام سونے کی قیمت 1115روپے بڑھ کر 69016 روپے کی نئی بلند سطح پر پہنچ گئی۔ فوٹو: فائل

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ایک ہی دن میں سونے کی قیمت میں 1300 روپے فی تولے کا اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق گزشتہ چند ہفتوں نے روپے کی بے قدری میں اضافے اور ڈالر کی اونچی پروان نے سونے کی قیمتوں کو بھی پر لگا دیئے ہیں اور روز بروز سونے کی بڑھتی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو عبور کررہی ہے، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک پیسے کی کمی ہوئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 156 روپے 90 پیسے پر مستحکم رہی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی


اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مستحکم ہونے کے باوجود سونے کی قیمت پر اس کا کوئی اثر نہ ہوا اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ایک ہی دن میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1300 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں 1 ہزار 115 روپے کا ہوشربا اضافہ ہوگیا۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت نے اڑان بھری اور فی اونس سونے کی قیمت یکدم دم 21 ڈالر اضافے کے ساتھ 1429 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 80 ہزار500 روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 69 ہزار 16 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

 

 
Load Next Story