ڈالر کے بعد سونے کی قیمت نے بھی نیا ریکارڈ قائم کردیا

میں فی تولہ سونے کی قیمت 500 روپے اضافے کے ساتھ 81000 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 69 ہزار 444 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔. (فوٹو: فائل)

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت 500 روپے اضافے کے ساتھ 81 ہزار روپے فی تولہ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ملک میں روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میں تسلسل کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، آج انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 7 روپے مہنگا ہونے کے بعد 164 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6 روپے 10 پیسے مہنگا ہوکر 163 روپے کا ہوگیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 164 روپے پر جا پہنچا


ڈالر کی قدر میں نمایاں اضافہ بدھ کوسونے کی مقامی قیمتوں پر بھی اثرانداز رہی، اور بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 25 ڈالر کی کمی کے بعد 1404 ڈالر کی سطح پرآنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 500 روپے اور 428 روپے کا مزید اضافہ ہوگیا۔

سونے کی قیمت میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 81000 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 69 ہزار 444 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے910 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 780 روپے17 پیسے پر مستحکم رہی۔

 
Load Next Story