پریمیئر فٹبال پی آئی اے نے ایچ بی ایل کو مات دیدی

3-0 سے فتحیاب، آرمی اور واپڈا کا مقابلہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکا، 1-1 سے برابر

3-0 سے فتحیاب، آرمی اور واپڈا کا مقابلہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکا، 1-1 سے برابر۔ فوٹو: فائل

پاکستان پریمئر لیگ فٹبال ٹورنامنٹ میں پی آئی اے نے حبیب بینک 3-0سے آئوٹ کلاس کردیا، آرمی اور واپڈا کا مقابلہ 1-1سے برابر رہا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ اسٹیڈیم میں حبیب بینک کی ٹیم پورے میچ میں پی آئی اے پر حاوی نظر آئی، فاتح ٹیم نے میچ کے ابتدا میں ہی تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے حریف کے دفاع میں شگاف ڈالنے کی کوشش جاری رکھی، تاہم پہلی کامیابی16ویں منٹ میں ملی، نصراللہ نے کئی کھلاڑیوں کو ڈاج دیکر شاندار کک کے ذریعے بال کو جال کی راہ دکھادی، پہلے ہاف کے اختتام سے دو منٹ پہلے پی آئی اے کے ڈیفنڈرز ایک بار پھراپنی حکمت عملی میں ناکام ہوئے اور ریاض احمد کو گول کرنے کا موقع فراہم کرکے اپنی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ وقفہ کے بعد پی آئی اے نے0-2کا خسارہ کم کرنے کیلیے بہت ہاتھ پائوں مارے لیکن کوئی ایک حملہ بھی موثر ثابت نہ ہوسکا۔




کھلاڑیوں کی بال پر گرفت ڈھیلی پڑتے ہی حبیب بینک کے محمد اشتیاق نے میچ کے 80 ویں منٹ میں ایک اور کامیاب کوشش کرتے ہوئے بال گول پوسٹ میں پھینک دی، یکطرفہ مقابلے کا اختتام 3-0 کے اسکور کے ساتھ ہوا۔دوسری جانب لاہور کے ماڈل ٹائون فٹبال گرائونڈ میں واپڈا نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے آرمی کی مضبوط ٹیم کو دفاع پر مجبور رکھا،فارورڈز کے متعدد شاندار حملوں کے بعد بالآخر 32ویں منٹ میں محمد عارف نے ایک عمدہ پاس پر گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔

پہلے ہاف کے اختتام تک آرمی کی مقابلہ برابر کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔ وقفے کے بعد دونوں طرف سے شاندار کھیل اور عمدہ مووز بنائے جانے کے باوجود کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، شکست ٹالنے کیلیے کوشاں آرمی کے حملوں میں تیزی آتے ہی واپڈا نے دفاعی انداز اپنا کر حریف کو دبائو بڑھانے کا موقع فراہم کردیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ظفراللہ نے 74 ویں منٹ گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا، میچ کا وقت ختم ہونے تک کوئی ٹیم بھی برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
Load Next Story