ملتان میں گھریلو تنازع پر 10 افراد قتل تین زخمی

داماد نے بیوی، ساس اور ان کے گھر کے دیگر افراد کو کمرے میں بند کرکے آگ لگادی

داماد نے بیوی، ساس اور ان کے گھر کے دیگر افراد کو کمرے میں بند کرکے آگ لگادی (فوٹو: فائل)

ملتان میں گھریلو تنازع پر ملزم نے باپ کے ساتھ مل کر فائرنگ اور گھر کو آگ لگا کر 10 افراد کو قتل کردیا جس پر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس کے مطابق ملتان کے علاقے حسن آباد کے قریب داماد اور سسر کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں داماد نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بیوی، ساس اور ان کے گھر کے دیگر افراد کو فائرنگ اور کمرے میں بند کرکے گھر کو آگ لگا کر 10 افراد کو جان سے مار دیا۔ امدادی ادارے کے مطابق لڑائی کے دوران تین افراد صائم حسن، علی رضا اور لعل محمد زخمی بھی ہوئے جنہیں نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا۔


آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او ملتان کو فوری موقع پر پہنچنے اور تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی ہدایت دی جس کے بعد سی پی او جائے وقوع پہنچ گئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی پی او ملتان عمران محمود نے کہا کہ مجموعی طور پر 10 افراد ہلاک ہوئے، اجمل نامی شخص سعودی عرب سے کچھ دن پہلے واپس آیا ہے اسے اپنی بیوی پر ناجائز تعلقات کا شک تھا، اجمل نے ظفر نامی ملزم کے ساتھ مل کر یہ تمام قتل کیے، اجمل نے اپنی ساس، بیوی اور ایک خاتون کو قتل کرکے گھر کو آگ لگادی جس کے باعث گھر کے اندر موجود دیگر افراد بھی جھلس کر جاں بحق ہوگئے جب کہ جو افراد آگ سے بچ کر نکلے ملزم نے ان پر بھی فائرنگ کی۔

سی پی او نے مزید کہا کہ جاں حق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں، ملزم اجمل اور ظفر کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ ایک ملزم فرار ہے جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

Load Next Story