آصف زرداری کے ساتھ نواز شریف بھی توشہ خانہ کیس میں شریک ملزم نامزد

احتساب عدالت نے نیب کو نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

احتساب عدالت نے نیب کو نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔ فوٹو:فائل

توشہ خانہ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی شریک ملزم نامزد کردیا گیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب نے توشہ خانہ سے بلٹ پروف گاڑیاں حاصل کرنے کے کیس میں نواز شریف سے بھی تفتیش کی اجازت دینے کی درخواست کی۔

تفتیشی افسر نے درخواست میں کہا کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف سے توشہ خانہ کیس میں بطور ملزم تفتیش کی اجازت دی جائے۔ جج ارشد ملک نے پوچھا کہ اس کیس میں نواز شریف کا کیا تعلق ہے؟۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ آصف علی زرداری کو 3 گاڑیاں دینے کی تفتیش کے دوران علم ہوا کہ 1 گاڑی نوازشریف کے پاس ہے، ملزمان نے سرکاری خزانے کونقصان پہنچایا، جیل میں نوازشریف سےتفیش کی اجازت دی جائے، حکام 4 لاکھ تک مالیت کی اشیاء کو بطور تحفہ رکھ سکتے ہیں اس سے زائد مالیت کا تحفہ نہیں رکھا جا سکتا۔


نیب تفتیشی افسر نے تفصیلات بتائیں کہ 1997 میں سعودی عرب نے بلٹ پروف مرسیڈیز گاڑی اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو تحفے میں دی، سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے 2008 میں یہ گاڑی نواز شریف کو چھ لاکھ روپے میں دے دی، نواز شریف کو مثال بناتے ہوئے یوسف رضاگیلانی نے تین بلٹ پروف گاڑیاں آصف زرداری کو دے دیں۔

جج محمد ارشد ملک نے تفتیشی افسر سے کہا کہ آپ کا مطلب ہے انہوں نے گاڑیاں آپس میں بانٹ لیں۔ نیب تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ جی بالکل، ایک گاڑی نوازشریف کو دے دی اور تین گاڑیاں آصف زرداری کو دے دی گئیں۔

جج محمد ارشدملک نے کہا کہ اگر نوازشریف اور آصف زرداری یہ گاڑیاں واپس کردیتے ہیں تو پھر کیا ہوگا؟۔ نیب تفتیشی افسر نے کہا کہ یہ تو پلی بارگین ہوگا، جو آپ کی اجازت سے ہی ہوگا۔

جج محمد ارشد ملک نے کہا کہ آپ ان سے اب تک تو کوئی چیز واپس لے نہیں سکے، ہم سے اجازت لے جاتے ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے جیل میں نواز شریف سے تفتیش کی اجازت دے دی۔
Load Next Story